سعودیہ میں غیر ملکیوں کو ڈرائیونگ ویزے کے اجراء پر پابندی

ریاض ۔ 26 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب نے سرکاری اور نجی شعبوں میں زیادہ سے زیادہ اپنے شہریوں کی ملازمتوں کے لئے مزید مواقع پیدا کرنے کے پروگرام پر عمل کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ اب غیر ملکیوں کو ڈرائیونگ کے شعبے میں ملازمت کے ویزے جاری نہیں کئے  جائیں گے۔سعودی عرب کی وزارت محنت اور مواصلات کے درمیان ہونے والا یہ معاہدہ سعودی عرب کی وزارت محنت کی جانب سے مختلف شعبوں کی ملازمتوں اور کاروباروں کو سعودیانے کے نئے پروگرام کا حصہ ہے۔ اس پروگرام کو ’’رہنما مقامیت‘‘ کا نام دیا گیا تھا۔دونوں وزارتوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مارکیٹ میں نئی ملازمتوں کی ضرورت کا اندازہ لگانے کے لئے ایک اسٹڈی کی جائے گی اور کرائے پر حاصل کی جانے والی گاڑیوں کو ہول سیل اور ریٹیل کے شعبے سے نکال کر ٹرانسپورٹ کے زمرے میں ڈال دیا جائے گا۔اس کے علاوہ اس معاہدے کے تحت اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ ان دونوں وزارتوں کے درمیان ٹرانسپورٹ کی تمام سرگرمیوں کا معیار طے کر لیا جائے گا جس میں شہروں کے درمیان اور بیرون ملک سامان اور مسافروں کی نقل وحرکت شامل ہے۔