سعودیہ میں انسداد دہشت گردی مہم، 88 افراد گرفتار

ریاض ۔ 2 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب نے 88 مشتبہ انتہاء پسندوں کو گرفتار کرلیا ہے، جن میں نصف سے زائد سابقہ القاعدہ محروسین ہیں جنہیں قبل ازیں رہا کردیا گیا تھا ، وزارت داخلہ نے آج یہ اعلان کیا۔ وزارت نے سرکاری ایس پی اے نیوز ایجنسی کے ذریعہ اپنے بیان میں مزید کہا کہ یہ گرفتاریاں سلطنت کی ان لوگوں کو ’’سزا دینے‘‘ کی مہم کا حصہ ہے، جو دہشت گرد کے زمرہ میں آنے والے گروپوں سے تعلق رکھتے ہیں یا ان کی تائید کرتے ہیں۔ سعودی کنگ عبداللہ نے جمعہ کو زور دیکر کہا تھا کہ جہادیوں سے خطرہ درپیش ہے تاوقتیکہ ’’عاجلانہ‘‘ کارروائی نہ کی جائے۔ وزارت نے آج کہا کہ مشتبہ افراد جو ساری سلطنت میں گذشتہ چند مہینوں کے دوران حراست میں لئے گئے، وہ تمام سعودی شہری ہیں، ماسوائے تین یمنی شہریوں کے اور ایک کی شناخت ہنوز ’’نامعلوم‘‘ ہے۔ ان میں سے 59 کو سابق میں سرکش گروپ سے ان کے رابطہ کی پاداش میں گرفتار کیا گیا تھا۔ حکام نے سلطنت میں 2003-06ء کے دوران سلسلہ وار مہلک حملوں کے پیش نظر القاعدہ کے خلاف زبردست مہم شروع کی تھی۔