سشما سوراج کی فوری برطرفی کیلئے عآپ کا مطالبہ

نئی دہلی۔ یکم جولائی (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی نے آج وزیر خارجہ سشما سوراج کے استعفے کیلئے حکومت پر دباؤ میں اضافہ کردیا ہ، کیونکہ متنازعہ سابق آئی پی ایل کمشنر للت مودی نے تازہ الزامات عائد کئے ہیں کہ انہوں نے سشما کے شوہر، سوراج کوشل کو اپنی کمپنی میں ڈائریکٹر کے عہدہ کی پیشکش کی تھی۔ مفادات کے تضاد پر قانون سازی کی تائید کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی نے مطالبہ کیا کہ جو وزراء مرکزی حکومت میں ہیں اور ان کے قریبی ارکان خاندان کو اپنے مخصوص مفادات ظاہر کردینے چاہئیں۔ اب جبکہ للت مودی کی سوراج کوشل کو ڈائریکٹر کے عہدہ کی پیشکش منظر عام پر آچکی ہے، مودی کیلئے قانونی فیس سے استفادہ کنندہ شخص کے بارے میں آزادانہ تحقیقات ضروری ہیں۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ کو فوری برطرف کیا جانا چاہئے۔ مرکز کو چاہئے کہ اپنے وزراء سے برسرعام اپنے مخصوص مفادات کے اظہار کی ہدایت دیں۔ علاوہ ازیں ملک میں مفادات سے متضاد سخت قانون کی منظوری بھی ضروری ہے۔پارٹی نے دہلی مجلس بلدیہ کے انتخابات میں بی جے پی پر ناقص مظاہرہ کا الزام بھی عائد کیا۔