سسیکس کلب کے اسٹار کھلاڑی میتھیو ہوپ ڈن کا انتقال

لندن۔ 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سسیکس کرکٹ کھلاڑی میتھیو ہوپ ڈن کا انتقال ہوگیا ہے۔ سسیکس کاؤنٹی کرکٹ کلب نے اتوار کو 22 سالہ میتھیو کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔ حالانکہ ان کی موت کے بارے میں دیگر کوئی تفصیلات موصول نہیں ہوسکیں۔ بی بی سی کی اطلاع کے مطابق ایسٹ بورڈ میں پیدا ہونے والے ہوپ ڈن نے 2014ء میں کلب کے ساتھ اپنے کیریئر کی شروعات کی تھی۔ فاسٹ بولر ہوپ ڈن نے اپنا آخری میچ گزشتہ سال اگست میں اسیکس کے مقابل کھیلا تھا۔ کاؤنٹی کلب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ میتھیو کے انتقال کی خبر سے سسیکس کرکٹ کو صدمہ پہنچا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ میتھیو ہونہار نوجوان کرکٹ کھلاڑی تھے اور ان کا مستقبل کافی روشن تھا۔ اس نوجوان کھلاڑی کے انتقال پر انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے کئی عظیم کھلاڑیوں نے بھی اپنے شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ میتھیو نے سسکس کے یوتھ اینڈ اکیڈیمی فہرست میں بہت جلد جگہ بنائی تھی۔