سسرالی ہراسانی کا شکار نئی دلہن کی خودکشی

حیدرآباد /9 اپریل ( سیاست نیوز ) چندا نگر کے علاقہ میں دو ماہ کی دلہن نے خودکشی کرلی ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس دو ماہ کی دلہن رانی کو شوہر اور خسر ہراساں کر رہے تھے ۔ اپنے بیٹے کیلئے موٹر سائیکل اور 50 ہزار نقد رقم زائد جہیز کیلئے 19 سالہ رانی کواذیت پہونچائی جارہی تھی ۔ جس سے تنگ آکراس خاتون نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 19 سالہ بالاماں عرف رانی کی شادی 2 ماہ قبل گوپی نگر چندا نگر علاقہ کے ساکن سائی شنکر سے ہوئی تھی ۔ جو پیشہ سے مزدور بتایا گیا ہے ۔ شادی کے چند روز بعد ہی سے اس خاتون کو ہراسانی کا سامنا تھا ۔ کبھی شوہر تو کبھی خسر اور اکثر دونوں باپ بیٹے پریشان کیا کرتے تھے ۔ چند روز سے پولیس ذرائع کے مطابق اس نئی دلہن کو ذہنی اور جسمانی اذیت پہونچائی جارہی تھی جس سے تنگ آکر اس خاتون نے انتہائی اقدام کیا اور کل رات اس نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ پولیس چندا نگر مصروف تحقیقات ہے ۔