سست اوور ریٹ پر مشرفے مرتضی پر جرمانہ اور ایک میچ کیلئے معطلی

دبئی ۔ /2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ونڈے فارمیٹ کیلئے بنگلہ دیش ٹیم کے کپتان مشرفے مرتضی کو ہفتہ کے روز کولمبو میں سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے تیسرے ونڈے انٹرنیشنل میچ میں اوور کی سست شرح برقرار رکھنے پر آج ایک میچ کے لئے معطل کردیا گیا ۔ علاوہ ازیں میچ کی فیس کا 40 فیصد بطور جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا ۔ آئی سی سی نے اپنے اعلامیہ میں کہا کہ مشرفے مرتضی کے ساتھی کھلاڑیوں کو ان کی متعلقہ فیس کا 20 فیصد حصہ بطور جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔ بنگلہ دیش کو مقررہ ہدف سے دو اوور کم ڈالنے کی غلط کا مرتکب قرار دیا گیا ہے ۔ کھلاڑیوں کے لئے آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی دفعہ  2.5.1 اور جدول 2 کے مطابق کھلاڑیوں پر انہیں دیئے گئے وقت میں بولنگ مکمل کرنے میں ناکامی پر ہر اوور پر فیس کا 10 فیصد حصہ بطور جرمانہ عائد کیا جاتا ہے ۔