ورلڈ چمپین شپ پر نظریں مرکوز
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جون (سیاست ڈاٹ کام) متواتر دو ہفتوں میں عالمی سطح کے دو اہم خطابات اپنے نام کرنے اور عالمی درجہ بندی میں سرفہرست 10 کھلاڑیوں کی صف میں واپسی کرنے والے ہندوستانی بیاڈمنٹن اسٹار کڈمبی سری کانت کی حیدرآباد آمد پر شاندار استقبال کیا گیا۔ 24 سالہ ہندوستانی کھلاڑی جنہوں نے متواتر دو خطابات انڈونیشیا سوپر سیریز پریمیئر اور آسٹریلین سوپر سیریزاپنے نام کرنے کے علاوہ دوبارہ ٹاپ 10 میں واپسی کی ہے۔ حیدرآباد آمد پر میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے سری کانت نے کہا کہ وہ مذ کورہ ٹورنمنٹس میں شرکت عالمی درجہ بندی میں دوبارہ سرفہرست 10 کھ لاڑیوں میں شا مل ہونے کیلئے نہیں کی تھی بلکہ وہ ان خطابات کو ا پنے نام کرنا چاہتے تھے اور فتوحات پر وہ مطمئن اور مسرور ہیں۔ سری کانت نے کہا کہ اب ان کی تمام تر توجہ اگست میں منعقد شدنی ورلڈ چمپین شپ پر مرکوز ہوچکی ہیں۔ سری کانت جوکہ ٹخنہ کے زخم کی وجہ سے ایک عرصہ کیلئے میدان سے باہر ہوگئے تھے لیکن صحتیابی کے بعدمتواتر دو ہفتوں میں دو خطابات حاصل کئے ہیں۔ اس ضمن میں سری کانت نے کہا کہ گزشتہ دو ہفتے نہ صرف ان کیلئے انتہائی شاندار رہے بلکہ دیگر ہندوستانی کھلاڑیوں ایچ ایس پرنائے اور سائی پرنیت کیلئے بھی کافی یادگار رہے۔ پرنائے نے متواتر دو مقابلوں میں شانگ وی اور چنگ لانگ کو شکست دی ہے جو نہ صرف غیر معمولی ہے بلکہ ماضی میں کسی اور کھلاڑی نے ایسی فتوحات حاصل نہیں کی ہیں۔سری کانت نے قومی کوچ گوپی چند اور بیاڈ منٹن اسوسی ایشن آف انڈیا کے ہمراہ حکومت سے بھی اظہار تشکر کیا اور کہا کہ ان کے تعاون کے نتیجہ میں یہ فتوحات ملی ہیں۔