کرائسٹ چرچ۔28 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے خلاف جاری پہلے ٹسٹ کے تیسرے دن فالوآن کے بعد سری لنکا نے بہتر مظاہرہ کیا تاہم اسے ہنوز پہلی اننگز کی سبقت ختم کرنے کیلئے 10 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی 5 وکٹیں باقی ہیں۔تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 293 رنز بنا لیے تھے۔ کپتان اینجلو میتھیوز 53 جبکہ ٹی کوشل 5 رنز پر کھیل رہے ہیں۔سری لنکا کیلئے نمایاں مظاہرہ کرونا رتنے کی سنچری رہی۔ انھوں نے انتہائی محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 152 رنز بنائے۔ تیسرے دن کھیل کے آغاز میں سری لنکا کو دو نقصانات برداشت کرنے پڑے جیسا کہ کشال سلوا کل کے اسکور 33 رنز پر ہی آؤٹ ہو گئے اور تجربہ کار سنگاکارا ایک مرتبہ پھر ناکام رہے اور صرف ایک رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔گذشتہ روز سری لنکا نے پہلی اننگز میں مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پوری ٹیم 130 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔ 15 رنز کے اسکور پر کمارا سنگاکارا سمیت اس کے 3 وکٹیں گر چکی تھیں۔ کپتان اینجلو میتھیوز کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین نیوزی لینڈ کے بولروں کے سامنے ٹک نہ سکا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ اور نیل ویگنر نے تین تین وکٹ لیے جبکہ ٹم ساؤتھی اور جیمس نیشم نے فی کس 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔