سری لنکا کے خلاف کامیابی اصل مقصد : وقاریونس

کراچی۔ 22 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے کہا ہیکہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں جیت کی حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔واحد مقصد سیریز میں کامیابی ہے۔ کھلاڑیوں کی فٹنس اور فیلڈنگ میں بہتری لانا اولین ترجیح ہے۔ اس سے فرق نہیں پڑتا کہ ٹیم کے ساتھ کتنے معاون عملے کے لوگ ہیں۔میرے خیال میں اس وقت زیادہ لوگ نہیں ہیں۔دوسری ٹیموں میں 16 ، 17 افراد پر مشتمل عملہ ہوتا ہے۔ ہمارے ساتھ دس لوگ ہیں جب ہم اچھے نتائج کی بات کرتے ہیں تو ہمیں اچھے پروفیشنلس رکھنے ہوں گے جو ٹیم کی ضرورت ہیں۔جو بھی شخص فائدہ پہنچا سکتا ہے اسے ٹیم کے ساتھ ہونا چاہئے۔کوچ نے کہا کہ سعید اجمل

اور عبدالرحمن کی موجودگی میں ہمارا اسپن بولنگ شعبہ مضبوط ضرور ہے لیکن وکٹ اور حالات دیکھ کر فیصلہ کریں گے کہ کون کھیلے گا۔ وقار یونس نے مزید کہا کہ سری لنکا کے خلاف ٹیم جیتنے کے جذبے کے ساتھ میدان میں اترے گی، بھرپور تیار ی کر رہے ہیں، مثبت کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔ صرف اسپنرز پر انحصار نہیں کریں گے، کوشش ہو گی کہ پوری ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے اور جیت کر واپس آئیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکمت عملی جیتنے والی ہوگی چاہے وہ دفاع کرکے جیتیں یا جارحانہ انداز اور مثبت انداز میں کھیلیں گے اور جیت کے لئے دو اضافی چوکے بھی کھانے کو تیار ہوں گے۔