سری لنکا کی افغانستان کے خلاف6 وکٹ سے کامیابی

کولکتہ۔ /17 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)اوپننگ بیاٹسمین تلک رتنے دلشان کے شاندار 83 ناٹ آوٹ کی بدولت سری لنکا نے ورلڈ ٹی 20 گروپ I کے میچ میں افغانستان کو 6 وکٹس سے ہرادیا ۔ دلشان نے 56 گیندوں میں 3 چھکے اور 4 چوکے لگائے ۔ انہوں نے افغانستان کے 153/7 کے جواب میں کامیابی کیلئے درکار نشانے کو بآسانی پورا کرنے میں مدد کی اور ٹیم نے 155/4 رنز 18.5 اوورس میں بنالئے ۔ اس سے پہلے افغانستان کے کپتان اصغر استانکزئی نے 47 گیندوں میں 62 رنز بنائے اور 5 ویں وکٹ کی رفاقت میں انہوں نے سمیع اللہ شین واری کے ساتھ 5.3 اوورس میں 61 رنز جوڑے ۔ سمیع اللہ نے صرف 14 گیندوں میں 31 رنز بنائے ۔ فاسٹ بولر پریرا نے 33 رنز کے عوض 3 وکٹ لئے جبکہ اسپنر ہیرات نے 24 رنز دے کر 2 وکٹ حاصل کئے ۔ افغانستان نے مقررہ 20 اوورس میں 153/7 رنز بنائے تھے ۔ سری لنکا کے دلشان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔ افغانستان کے بولرس میں محمد نوید نے 25 رنز کے عوض ایک وکٹ اور راشد خان نے 27 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی ۔