لندن ۔22 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ کے فاسٹ بولرجیمس اینڈرسن نے تصدیق کردی ہے کہ انہیں سری لنکا کے خلاف تیسرے اور آخری ٹسٹ میں آرام دیا گیا ہے ۔ اینڈر سن کی جگہ اب اسٹورٹ براڈ ٹیم کا حصہ ہوں گے ۔ انگلینڈ نے17 برس بعد سری لنکا میں ٹسٹ سیریز پر قبضہ کیا ہے ۔ اسے تین میچوں کی سیریز میں 2۔0 کی غیر مفتوح برتری حاصل ہے ۔ پلی کیلے میں انگلینڈ نے57 رنز سے میچ جیتا تھا۔ انگلینڈ کے سب سے زیادہ ٹسٹ وکٹ لینے والے بولر اینڈرسن نے حالانکہ گزشتہ دو میچوں میں صرف ایک وکٹ ہی لی ہے ۔ اینڈرسن نے کہا کہ ہم نے سیریز پر قبضہ کرلیا ہے اور آئندہ موسم سرما کے پیش نظر یہ اچھی بات ہے کہ میری جگہ براڈ کو کھیلنے کا موقع ملے ۔ وہ گزشتہ کچھ وقت سے کھیلے نہیں ہیں اور ہمیں ونڈیز کے آئندہ چیلنجنگ دورے میں بھی کھیلنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹیم کے جانب سے براڈ کے لئے یہ اچھا موقع ہے ۔ آپ کو حالات کو دیکھنا ہے کیونکہ فاسٹ بولروں کے لئے کام کا بوجھ کافی ہوتاجاتاہے اور میں بھی ہر میچ میں نہیں کھیل سکتا۔براڈ کو پہلے دو ٹسٹ مقابلوںکے لئے آخری الیون میں شامل نہیں کیا گیا تھا لیکن کولمبو میں جمعہ کو شروع ہونے والی سیریز کے آخری میچ میں وہ کھیلنے اتریں گے جہاں انہوں نے سال 2007 میں اپنے کریئر کا آغاز کیا تھا۔یاد رہے کہ میزبان سری لنکائی ٹیم ان دنوں کئی بیرونی اور داخلی مسائل کاشکار ہے جس میں اہم کھلاڑیوں کا فام میں نہ ہونا بھی شامل ہے۔