سری لنکا کو آج 345 رنز اور نیوزی لینڈ کو 9 وکٹیں درکار

ویلنگٹن۔ 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کین ولیمسن اور بی جے واٹلنگ نے نہ صرف انفرادی طور پر اپنے ٹسٹ کریر کی بہترین اننگز کھیلی جبکہ مجموعی طور پر چھٹی وکٹ کیلئے عالمی ریکارڈ 365 رنز اسکور کرتے ہوئے یہاں دوسرے ٹسٹ میں سری لنکائی ٹیم کی کامیابی کے دروازے بند کردیئے ہیں۔ ولیمسن نے ناقابل تسخیر 242 اور ان کے ہمراہ واٹلنگ نے غیرمفتوح 142 رنز اسکور کئے اور نیوزی لینڈ نے 524/5 پر اپنی دوسری اننگز ختم کرنے کا فیصلہ کیا اور سری لنکا کو ٹسٹ میں کامیابی اور سیریز کو 1-1 سے برابر کرنے کیلئے 390 رنز کا ایک ہمالیائی اسکور دیا ہے۔ اس میدان پر چوتھی اننگز 277/3 رنز کا کامیاب تعاقب پاکستان نے 11 برس قبل کیا تھا۔ دوسرے ٹسٹ کے چوتھے دن سری لنکائی ٹیم نشانہ کے تعاقب میں 45/1 رنز اسکور کرلئے ہیں جبکہ کوشل سلوا 20 اور دھیکا پرساد ایک رن بناکر وکٹ پر موجود ہیں۔ سری لنکا کے آؤٹ ہونے والے پہلے بیٹسمین میں دموت کرونارتنے ہیں جنہوں نے 17 رنز بنائے تاہم دن کے اختتام سے 4 اوورس قبل وہ مارک کریگ کی بولنگ پر روتھر فورڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل چھٹی وکٹ کا عالمی ریکارڈ واٹلنگ اور برینڈن مکالم کے نام تھا جنہوں نے ہندوستان کے خلاف نازک صورتحال میں 352 رنز کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔