سری لنکا میں ہند۔ پاک کرکٹ

نئی دہلی؍ ممبئی ، 26 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور پاکستان کے کرکٹ بورڈ عہدیداروں نے سری لنکا میں مختصر باہمی سیریز کھیلنے پر اتفاق کرلیا ہے، جو 15 ڈسمبر سے کھیلی جائے گی۔ قبل ازیں اس ماہ کے اوائل ہندوستان نے یو اے ای میں کھیلنے سے انکار کیا تھا اور پاکستان نے ڈسمبر کی سیریز کیلئے ہندوستان کے ٹور کو مسترد کردیا تھا۔ بہرحال کئی ماہ کی غیریقینی کیفیت کے بعد ہندوستان نے پاکستان کے ساتھ ’نیوٹرل‘ سری لنکا میں مختصر باہمی سیریز کھیلنے سے اتفاق کرلیا ہے۔ دونوں کٹر حریف 15 ڈسمبر سے تین او ڈی آئیز اور دو ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنلس کھیلیں گے۔ اس سیریز کی رسمی توثیق رواں ہفتے کے اواخر متوقع ہے۔ پی سی بی نے پہلے ہی نواز شریف حکومت سے کلیرنس حاصل کرلیا ہے جبکہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیا (بی سی سی آئی) کو مرکزی حکومت سے ’گرین سگنل‘ کا انتظار ہے۔ تاہم آج نئی دہلی میں انڈین بورڈ کے رکن اور آئی پی ایل چیئرمین راجیو شکلا نے میڈیا کو بتایا کہ ہندوستان اور پاکستان پانچ میچ کی سیریز سری لنکا میں کھیلنے پر متفق ہوچکے ہیں، جس کی مکمل تفصیلات کا افشاء ابھی باقی ہے۔ ٹی وی چینل سی این این ۔آئی بی این کے مطابق راجیو شکلا نے کہا: ’’دونوں ملک اس بات پر متفق ہوگئے ہیں کہ کرکٹ سیریز سری لنکا میں 15 دسمبر سے ہوگی جس میں 5 میچز کھیلے جائیں گے۔ اور اس سیریز سے دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ روابط کا احیاء ہوگا۔‘‘ اس سے قبل پاکستانی میڈیا میں یہ خبر آئی کہ وزیراعظم نواز شریف نے پی سی بی کو سری لنکا میں کرکٹ سیریز کی اجازت دی ہے۔ پی سی بی سربراہ شہریارخان اور صدر بی سی سی آئی ششانک منوہر کے درمیان صدر انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے جائلز کلارک نے مصالحت کا کردار ادا کیا تھا اور دبئی میں ملاقات میں سری لنکا میں سیریز کے انعقاد کی تجویز پیش کی گئی تھی۔ اس سے قبل ہندوستان نے یو اے ای میں سیریز کھیلنے سے انکار کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کو دورے کی دعوت دی تھی جسے پی سی بی نے رد کردیا تھا۔ دونوں ممالک کے درمیان 2012ء میں ونڈے انٹرنیشنل اور ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلی گئی تھی جب پاکستانی ٹیم نے ہندوستان کا دورہ کیا تھا۔