ملبورن۔ 25 فبروری۔(سیاست ڈاٹ کام) سری لنکائی کرکٹ ٹیم کے کپتان انجیلو میتھیوز کل یہاں کھیلے جانے والے مقابلے میں ایشیائی حریف ٹیم بنگلہ دیش کو آسان ماننے سے انکار کردیا ہے اور کہا ہے کہ یہ مقابلہ ایک مسابقتی نتیجہ پر ختم ہوگا ۔ ملبورن کرکٹ گراؤنڈ پر میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ٹیموں کیلئے دباؤ پر مشتمل مقابلہ ہوگا۔ انھوں نے مزید کہا کہ حالیہ دنوں میں بنگلہ دیش نے بہتر مظاہرہ کیا لہذا سری لنکا کیلئے کامیابی کا حصول آسان نہیں ہوگا کیونکہ حریف ٹیم میں بہترین بولرس اور بیٹسمین موجود ہیں۔ میتھیوز نے یہ اعتراف کیا ہے کہ کل کے مقابلے میں جو بھی ٹیم بہتر مظاہرہ کرے گی وہ بہ آسانی کامیابی حاصل کرلے گی ۔ سری لنکائی ٹیم جس نے 1996 ء میں عالمی چمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل کرنے کے علاوہ گزشتہ دو ٹورنمنٹس میں فائنل تک رسائی حاصل کی ہے
اُس کا بنگلہ دیش کے خلاف ریکارڈ کافی بہتر ہے جیسا کہ 37 ونڈے مقابلوں میں سابق عالمی چمپیئن نے 32 فتوحات حاصل کی ہیں۔ ورلڈ کپ میں سری لنکائی ٹیم کا بنگلہ دیش کے خلاف فتوحات کا ریکارڈ مزید بہتر ہے جیسا کہ 2003 کے ورلڈ کپ میں اس نے بنگلہ دیش کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ چار برس قبل کھیلے گئے مقابلے میں سری لنکائی ٹیم نے 198 رنز کی کامیابی حاصل کی ہے ۔ ریکارڈس اور موجودہ فام کی بنیاد پرسری لنکا کو پسندیدہ موقف حاصل ہے ، تاہم بنگلہ دیشی ٹیم بھی حیران کن کامیابی حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ جیسا کہ 2015 ء ورلڈ کپ میں سری لنکائی بیٹسمین نیوزی لینڈ کی وکٹوں پر بہتر مظاہرہ کرنے میں کامیاب نہیں ہوپارہے ہیں جبکہ افغانستان کے خلاف بھی کامیابی کیلئے اسے سخت جدوجہد کرنی پڑی تھی ۔