دونوں ٹیموں کی طرف سے نئے کھلاڑیوں کی آزمائش متوقع ۔ کپتانوں ملنگا اور آفریدی کے مظاہرے پر توجہ مرکوز
کولمبو ۔29 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کاآغاز کل ہورہا ہے جہاں سری لنکن ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز بچا کر دورے میں کلین سویپ سے بچنے کی کوشش کرے گی۔پاکستان نے اب تک دورۂ سری لنکا میں میزبان ٹیم کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے ٹسٹ سیریز 2-1 سے اپنے نام کرنے کے بعد ونڈے میچوں کی سیریز میں بھی حریف کو 3-2 سے زیر کیا۔ یہ 2006ء کے بعد پہلا موقع ہے کہ پاکستان نے سری لنکا میں ونڈے اور ٹسٹ میچوں کی سیریز جیتی۔ تاہم موجودہ ٹی ٹوئنٹی چمپئن اور اس وقت رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود سری لنکا کے پاس پریماداسا اسٹیڈیم میں مقررہ دونوں میچوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرکے میچز میں کامیابی کے ذریعے اپنے حوصلے کی بحالی کاآخری موقع ہے۔ دونوں ٹیمیں نئے کپتانوں کی زیر قیادت ایک نئے روپ میں دکھائی دیں گی جہاں لاستھ ملنگا سری لنکا جبکہ پانچویں نمبر پر موجود پاکستانی ٹیم کی باگ ڈورآل راؤنڈر شاہدآفریدی کے ہاتھ میں ہو گی۔ ملنگا ٹسٹ میچوں سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں اور ایک روزہ میچوں کی سیریز میں بھی انہوں نے چار میچوں میں شرکت کی جبکہ آفریدی ٹسٹ اور ایک روزہ دونوں طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے ہیں۔ ہندوستان میں ہونے والا اگلا ٹی ٹوئنٹی صرف آٹھ ماہ دور ہے اور ایسے موقع پر دونوں ٹیمیں اپنی ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع فراہم کریں گی تاکہ انہیں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا تجربہ فراہم کیا جاسکے۔
سری لنکا کے 15 رکنی اسکواڈ میں شیہان جئے سوریا، داسن شناکا، دھننجے ڈی سلوا، بنورا فرنینڈو اور جیفری ویندرسے کی صورت میں پانچ نئے کھلاڑی شامل ہیں جنہوں نے آج تک عالمی سطح پر سری لنکن ٹیم کی نمائندگی نہیں۔ سری لنکا نے ہندوستان کے خلاف سیریز کے باعث دنیش چندیمل اور لہیرو تھریمانے کوآرام کا موقع فراہم کرتے ہوئے ٹیم سے ڈراپ کردیا ہے جبکہ پیس بولر نوان کلاسیکرا کو ٹی ٹوئنٹی میچوں کیلئے طلب کیا گیا ہے۔ سری لنکن چیف سلیکٹر کپیلا وجے گونا وردھنے نے مقامی میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ ہم نوجوان کھلاڑیوں کو منظر عام پر لانا چاہتے ہیں تاکہ اگلے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اور 50 اوورز کے ورلڈ کپ سے قبل آہستہ آہستہ ٹیم میں تبدیلوں کا عمل شروع کیا جائے۔ دوسری جانب پاکستانی ٹیم میں کپتان آفریدی سمیت پانچ ایسے کھلاڑی شامل ہیں جو ونڈے یا ٹسٹ اسکواڈ کا حصہ نہیں تھے۔ دوسرے ٹسٹ میچ میں ہاتھ کی انجری کا شکار وہاب ریاض سیریز سے باہر ہو چکے ہیں اور ان کی جگہ فاسٹ بولر ضیاء الحق کو موقع دیا گیا ہے۔ ٹسٹ سیریز میں 24 وکٹیں لینے والے لیگ اسپنر یاسر شاہ کے ساتھ ساتھ طویل القامت محمد عرفان کو بھی ٹی ٹوئنٹی میں صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔دونوں ٹیموں کے اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔