کریسٹ چرچ ۔27 ۔ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام )نیوزی لینڈ کے کپتان برنڈن مکالمکی ریکارڈ ساز اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ کی ٹیم نے کھیل کے دوسرے دن اپنی پہلی اننگز میں 441 رنز بنائے جس کے جواب میں سری لنکا کی ٹیم 138 رنز کے معمولی اسکور پر ڈھیر ہو گئی۔مکالم نے سری لنکا کو فالوآن کروا دیا ہے جس کے بعد سری لنکا نے دوسری اننگز کا بہتر آغاز کیا ہے اور دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر اس نے بغیر کسی نقصان کے 84 رنز بنا لئے اورکشال سلوا 33 اور کرونارتنے 49 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔ قبل ازیں میچ کے پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے سری لنکا کے خلاف سات وکٹوں پر 429 رنز بنائے تھے لیکن دوسرے دن ان کی اننگز جلد ہی سمٹ گئی۔دوسری جانب سری لنکا کی اننگز کا آغاز تباہ کن رہا
اور 15 رنز کے اسکور پر کمارا سنگاکارا سمیت اس کے تین وکٹیں گر چکی تھیں۔ کپتان اینجلو میتھیوز کے علاوہ کوئی بھی نیوزی لینڈ کے بولرس کے سامنے نہ ٹک سکا۔ میتھیوز نے 50 رنز بنائے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ اور نیل ویگنر نے تین تین وکٹ لیے جبکہ ٹم ساؤتھی اور جیمز نیشم نے فی کس دو وکٹیں لیں۔سری لنکائی ٹیم جو کہ پہلی اننگز میں 138رنز پر ڈھیر ہوئی اس میں اگر کپتان میتھوز 50رنز کی اننگز نہ کھیلتے تو مہمان ٹیم کی صورتحال مزید ابتر ہوتی۔مہمان ٹیم کے 6بیٹسمین دوہرے ہندسے کو بھی عبور نہ کرسکے جب کہ دوسرا اعظم ترین اسکور تھیریمینے(24)بنائے ۔ سینئر بیٹسمین کماراسنگاکارا صرف 6رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ پہلی اننگز میں انتہائی مایوس کن مظاہرہ کرنے کے بعد دوسری اننگز کے بعد اوپنرس نے کسی قدر بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے 84رنز جوڑے ہیں ۔