سری لنکائی کھلاڑیوںکو ٹسٹ درجہ بندی میں ترقی

دبئی ۔25 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکائی بیٹسمین کوسال مینڈس 11 درجے ترقی پا کر تازہ ترین ٹسٹ رینکنگ میں ٹاپ ٹوئنٹی میں شامل ہو گئے۔ نروشن ڈکویلا آٹھ مقامات چڑھ کر37 ویں نمبر پر آ گئے جبکہ اوشادا فرنینڈو35 درجے لمبی چھلانگ لگا کر 65 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔کوسال پریرا41 ویں مقام پر ہیں۔ لہیرو تھریمانے تین درجے بہتری کے بعد ٹاپ 100میں شامل ہو گئے ، ان کا 98 واں نمبر ہوگیا ہے۔ ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی بدستور دنیا کے سرفہرست بیٹسمین ہیں۔ بولروں میں جنوبی افریقہ کے ڈوانے اولیویئر کی پہلی مرتبہ ٹاپ ٹوئنٹی میں آمد ہوئی ہے وہ تین درجے ترقی کے ساتھ 19ویں مقام پر فائز ہوگئے۔ سرنگا لکمل تین درجے بہتری کے ساتھ 30ویں، وشوا فرنانڈو چھ درجے ترقی سے کیریئر بیسٹ 43 ویں مقام پر پہنچے۔ کاسن راجیتھا آٹھ درجے ترقی سے51 ویں نمبر پر ہیں جبکہ دھنن جایا ڈی سلوا 19درجے لمبی چھلانگ سے 77ویں مقام پر فائز ہوئے۔ آسٹریلیائی فاسٹ بولر پیٹ کمنز نمبرون مقام پر برقرار ہیں۔ جیمز اینڈرسن دوسرے ،کگیسو ربادا تیسرے ، ورنان فیلانڈر چوتھے ، رویندر جڈیجہ پانچویں اور ٹرینٹ بولٹ چھٹے نمبر پر ہیں۔پاکستان کے فاسٹ بولرمحمد عباس ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر کے ساتھ مشتر کہ طور پر ساتویں نمبر پر برقرار ہیں۔ آل راؤنڈرز میں جیسن ہولڈر کی بدستور پہلے مقام پر حکمرانی باقی ہے ۔ بنگلہ دیش کے شکیب الحسن دوسرے اور رویندر جڈیجہ تیسرے نمبر پر ہیں۔