سری لنکائی فاسٹ بولروں نے خودکو منوالیا : لکمل

شارجہ۔16جنوری( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں رواں ٹسٹ سیریز میں ٹیم کو سبقت دلوانے میں سری لنکا فاسٹ بولروں کی قیادت کرنے والے سرنگالکمل نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف سیریز سے قبل سری لنکائی فاسٹ بولنگ شعبہ سے امیدیں وابستہ نہیں تھیں لیکن دبئی ٹسٹ میں ٹیم کی شاندار کامیابی میں کلیدی رول ادا کرتے ہوئے سری لنکائی فاسٹ بولنگ شعبہ نے اپنی ساکھ بحال کرلی ہے ۔ فاسٹ بولر سرنگا لکمل کا ماننا ہے کہ لکمل‘ شامنڈا ایرلنگا اورنون پردیب دبئی ٹسٹ میں سری لنکائی ٹیم کی کامیابی کے معمار ہیں چونکہ پہلی اننگز میں مذکورہ بولروں پر مشتمل فاسٹ بولنگ شعبہ نے 132 رنز کے عوض پاکستان کے 7کھلاڑیوں کو بولنگ کی راہ دکھائی تھی۔ پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات کی سیریز سے قبل سری لنکا کے فاسٹ بولنگ شعبہ کو اہمیت نہیں دی گئی بلکہ اس کے برعکس اسپنر ہیراتھ کو پاکستان کیلئے اصل خطرہ تصور کیا جارہا تھا لیکن سیریز میں فاسٹ بولروں نے ہیراتھ سے کہیں زیادہ بہتر اوسط سے مظاہرہ کیا ہے۔

پاکستان کے خلاف کامیابی میں سری لنکائی فاسٹ بولنگ کی کارکردگی اور اہمیت کو منوانے کے ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے لکمل نے کہا کہ فاسٹ بولروں کی کامیابی کا سہرا بولنگ کوچ اور ٹیم کے سابق فاسٹ بولر چمنداواس کے سر جاتا ہے کیونکہ انہوں نے ہم سے کہا تھا کہ اگر فاسٹ اور سوئنگ لیتی گیندوں کو وکٹ پر صحیح مقامات پر ڈالا نہیں جائے گا تو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا اورمتحدہ عرب امارات کی وکٹیں فاسٹ بولروں کیلئے زیادہ سازگار نہیں ہوتی ہیں ۔لکمل کے بموجب کوچ واس نے اپنے فاسٹ بولروں کو مشورہ دیا تھا کہ وہ صحیح مقامات پر بار بار گیندیں ڈالتے ہوئے حریف بیٹسمینوں کو غلطی کرنے پر مجبور کریں اور اس مشورے پر عمل کرنے سے سری لنکائی بولروں کو فائدہ ہواہے ۔ لکمل نے مزید کہا کہ ماضی میں سری لنکائی فاسٹ بولروں سے کوئی امیدیں وابستہ نہیں تھیں لیکن پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات کی سیریز سے قبل ہم نے مؤثر حکمت عملی اور سخت محنت کو اپنایا تھا اور کہا تھا کہ ہم تینوں میں سے جسے بھی قطعی 11کھلاڑیوں میں شرکت کا موقع ملے گا وہ موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بہتر کارکردگی دکھائے گا جس کا ثمر آور نتیجہ یہ ملا کہ اب سری لنکائی فاسٹ بولنگ کی ساکھ تبدیل ہوچکی ہے ۔