سری لنکائی سلیکشن کمیٹی مستعفی

کولمبو۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سنت جئے سوریہ کی قیادت میں سری لنکائی سلیکشن کمیٹی نے ہندوستان کے خلاف ٹسٹ سیریز میں وائٹ واش، ونڈے سیریز میں ناکامی اور زمبابوے کے خلاف شکست کے بعد مستعفی ہوگئی ہے۔ سری لنکائی وزارت اسپورٹس کے بموجب سنت جئے سوریہ کی قیادت میں سلیکشن کمیٹی میں شامل دیگر عہدیداروں میں سابق بیٹسمین رنجیت مدورا سنگھے، رمیش کالو وترنا، اسنکا گروسنہا اور ایرک اپاسنتھا نے بھی اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ تادم تحریر سری لنکا کرکٹ کے عہدیداروں نے سلیکشن کمیٹی کے اس استعفیٰ کو قبول نہیں کیا ہے اور اُمید کی جارہی ہے کہ 6 ستمبر کو جب ہندوستانی دورہ کا اختتام عمل میں آئے گا تب تک یہ عہدیدار اپنی خدمات انجام دیں گے ۔ واضح رہے کہ اس سلیکشن کمیٹی کو مئی میں 6 مہینوں کی توسیع دی گئی تھی۔