سریکانت اور سندھو کی ہانگ کانگ میں پیش قدمی

ہانگ کانگ 19 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) حالیہ دنوں چائنا اوپن چمپئن کا اعزاز حاصل کرنے والے کڈمبی سریکانت اپنے شاندار فام کو برقرار رکھا ہے جبکہ پی وی سندھو نے بھی 3.50 لاکھ امریکی ڈالرس انعامی رقم کی ہانگ کانگ سوپر سیریز کی مہم کا شاندار آغاز کیا ہے۔ سری کانت جنھوں نے گزشتہ ہفتہ چائنا اوپن کے فائنل میں 5 مرتبہ کے عالمی چمپئن لن ڈان کو شکست دیتے ہوئے سوپر سیریز پریمیئر ایونٹ میں خطاب حاصل کرنے والے پہلے ہندوستانی کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ اُنھوں نے یہاں ہانگ کانگ چمپئن سیریز کے ابتدائی مقابلہ میں چینی تائی پائی کے حریف کھلاڑی شو ٹیانگ چن کو 18-21 ، 22-20 ، 21-16 سے شکست دی ہے۔ دریں اثناء عالمی درجہ بندی میں ساتویں مقام پر فائز سندھو جنھوں نے چائنا اوپن میں شرکت نہیں کی تھی، اُنھوں نے تھائی لینڈ کی بوسنان اونگ بومرنگپن کو 21-15 ، 16-21 ، 21-19 سے شکست دی۔ خاتون زمرہ کا یہ سنگلز مقابلہ تقریباً 52 منٹوں تک جاری رہا جس میں دونوں کھلاڑیوں کی جانب سے مسابقتی کھیل کا مظاہرہ کیا گیا۔ دریں اثناء اجئے جئے رام جنھوں نے گزشتہ ماہ ڈچ اوپن گرانڈ پری خطاب حاصل کیا تھا انھیں سرفہرست چینی کھلاڑی چن لانگ کے خلاف بہ آسانی 13-21 ، 7-21 کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ جوالہ گٹا اور اشونی پونپا کو بہتر مظاہرہ کے باوجود پہلے راؤنڈ میں ہی شکست برداشت کرنی پڑی۔