پٹنہ 16 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) غیر مسلمہ کرکٹ اسوسی ایشن آف بہار کے سکریٹری آدتیہ ورما نے الزام عائد کیا کہ بی سی سی آئی کے سابق صدر این سرینواسن نے ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے عدالت کی توہین کی ہے ۔ ورما نے ہی آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ اسکام میں درخواست دائر کی تھی ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی سی سی آئی نے اپنی ورکنگ کمیٹی کا جو ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے وہ بھی غیر قانونی ہے ۔ ورما نے اپنے ایک بیان میںکہا کہ معزز سپریم کورٹ کی جانب سے واضح ہدایت کے باوجود کہ سرینواسن بی سی سی کے صدر کی حیثیت سے آئندہ احکام تک کام نہ کریں سرینواسن نے ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں 7 نومبر کو دوبئی میں بی سی سی آئی صدر کی حیثیت سے شرکت کی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ عدالت کی تو ہین ہے ۔ عدالت نے کہا تھا کہ مڈگل کمیشن رپورٹ میں ایک نہیں بلکہ دو موقعوں پر سرینواسن کے خلاف بادی النظر میں ثبوت ملا ہے ۔ واضح رہے کہ آدتیہ ورما نے ہی آئی پی ایل بیٹنگ اسکام کے سلسلہ میں عدالت میں درخواست دائر کی تھی جس پر کارروائی کرتے ہوئے مڈگل کمیشن کی تشکیل عمل میں آئی ہے اور اس کمیشن نے اپنی تحقیقات پر مبنی رپورٹ پیش بھی کردی ہے ۔