سرینواسن آئی سی سی کے اجلاس میں شرکت نہیں کرسکتے

جئے پور ۔ یکم ؍ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی سی سی آئی میں راجستھان کرکٹ اسوسی ایشن کے نمائندے محمود عابدی نے آج کہا ہیکہ سپریم کورٹ کی جانب سے بورڈ کے صدر کے عہدہ سے برطرف کئے گئے سرینواسن آئی سی سی کے اجلاس میں شرکت کیلئے اہل نہیں ہیں۔ آئی پی ایل سٹے بازی کے تنازعہ میں سپریم کورٹ نے چنائی سے تعلق رکھنے والے طاقتور شخصیت سرینواسن کو بی سی سی آئی کے صدر کے عہدہ سے ہٹاتے ہوئے ان کے مقام پر سنیل گواسکر کو عبوری صدر مقرر کیا ہے۔

عابدی نے سرینواسن کے خلاف یہ الزامات عائد کرتے ہوئے کہ انہوں نے چنائی سوپرکنگس کے مقابلہ فکسڈ کئے ہیں، ایک ایف آئی آر بھی درج کرایا ہے اور جس میں مطالبہ کیا تھا کہ انڈیا سمنٹ کمپنی کے افراد کو بی سی سی آئی سے برطرف کیا جائے۔

بعدازاں عدالت نے اپنا فیصلہ سنانے کے بعد بی سی سی آئی نے انڈیا سمنٹ سے تعلق رکھنے والے بی سی سی آئی کے عہدیداروں کو برطرف کردیا ہے۔ آئی پی ایل کے سابق کمشنر للت مودی کے قانونی مشیر عابدی نے مزید کہا کہ اب چونکہ سپریم کورٹ نے سرینواسن کو بی سی سی آئی کے صدر کے عہدہ سے ہٹا دیا ہے لہٰذا وہ آئی سی سی کے اجلاس میں بھی شرکت کی اہلیت نہیں رکھتے کیونکہ بی سی سی آئی نے واضح طور پر ظاہر کردیا ہیکہ وہ بی سی سی آئی کی نمائندگی نہیں کرسکتے لہٰذا اب وہ آئی سی سی کے اجلاس میں بحیثیت بی سی سی آئی کے نمائندے شرکت بھی نہیں کرسکتے ہیں چونکہ عدالت نے انڈیا سمنٹ کے تمام افراد کو بی سی سی آئی کے عہدوں سے برطرف کردیا ہے۔