سرینا کی پیشقدمی، شاراپوا جدوجہد کے بعد کامیاب

میامی ۔ 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عالمی نمبر ایک سریناولیمس نے یہاں کھیلے جارہے اے ٹی پی سونی اوپن کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی جبکہ سابق عالمی نمبر ایک روسی کھلاڑی شاراپوا کو تین سیٹوں پر مشتمل جدوجہد کے مقابلہ میں کامیابی کے بعد پیشقدمی کا موقع ملا ہے۔ ٹورنمنٹ کی سرفہرست اور دفاعی چمپیئن سرینا ولیمس نے امریکی کوالیفائر کھلاڑی کوکو ونڈے ویگھی کو صرف 78 منٹوں میں 6-3 ، 6-1 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے جہاں ان کا مقابلہ جرمنی کی کھلاڑی اینجیلک کربر سے ہوگا۔ شاراپوا نے 2 گھنٹے 4 منٹ طویل مقابلہ میں بیلجیم کی کرسٹن فلپ کنس کو 3-6، 6-4، 6-1 کی شکست دی۔

دریں اثناء کربر نے 2 گھنٹے 10 منٹ طویل مقابلہ میں روسی ٹینس اسٹار ایکترینا ماکاروا کو 6-4 ، 1-6 ، 6-3 سے شکست دی۔ کامیابی کے بعد ہم وطن حریف کھلاڑی کوکو کی تعریف کرتے ہوئے سرینا ولیمس نے کہا کہ نوجوان کھلاڑی کی سرویس انتہائی شاندار ہے۔ شاراپوا نے 10 دوہری غلطیاں کرتے ہوئے مقابلہ کو اپنے لئے مشکل کردیا تھا اور انہوں نے ایک بھی ایس نہیں مارا۔ تاہم مقابلہ میں بتدریج انہوں نے اپنی سرویس بہتر کی۔ شاراپوا کا کوارٹر فائنل میں مقابلہ چیک جمہوریائی کھلاڑی پیٹراکیویٹوا سے ہوگا جنہوں نے اپنے مقابلہ میں سابق عالمی نمبر ایک اینا ایوانووچ کو 3-6 ، 6-0 ، 6-0 سے شکست دی۔