سرینا کو آسٹریلین اوپن کے میچ میں کامیابی

ملبورن ۔ 20 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سرینا ولیمس نے اپنے کیریئر کے 19 ویں گرانڈ سلام پر قبضہ کرنے کیلئے سال نو 2015ء میں اپنے کھیل کا بہترین آغاز کیا اور ملبورن میں کل کھیلے گئے آسٹریلین اوپن کے ایک میچ میں بلجیم کی ایلین ورن یوئٹوانچک کو 6-4 ، 6-0 سے شکست دیتے ہوئے اطمینان بخش کامیابی حاصل کی۔ چمکدار زرد اور گلابی لباس میں ملبوس سرینا نے کھیل کے صرف 21 ویں منٹ میں ہی پہلی کامیابی حاصل کی جبکہ ان کی حریف یوئیٹوانچک سنبھلنے کی کوششوں میں ہی مصروف تھیں۔ دوسرے سیٹ کا مقابلہ پہلے سے زیادہ مسابقی رہا۔ سرینا ولیمس پہلے ہی پانچ آسٹریلین اوپن ٹائیٹلس جیت چکی ہیں۔ 2010ء میں انہوں نے اس کا آخری ٹائٹل جیتا تھا جس کے بعد سے ملبورن پارک پر انہیں مزید کوئی ٹائیٹل حاصل نہیں ہوسکا۔