سرینا اور واورنکا کی جدوجہد کے بعد کامیابی، وکٹوریہ باہر

ملبورن ۔ 26 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلین اوپن 2015ء میں مرد زمرہ کے دفاعی چمپیئن سوئٹزرلینڈ کے اسٹانسلس واورنکا کو کامیابی کیلئے سخت جدوجہد کرنی پڑی جبکہ خاتون زمرہ میں دو مرتبہ کی چمپیئن اور سابق عالمی نمبر ایک بیلاروس کی وکٹوریہ ایزرنکا کو شکست برداشت کرنے کے بعد خطاب کے بغیر ٹورنمنٹ سے باہر ہونا پڑا ہے۔ علاوہ ازیں عالمی نمبر ایک سرینا ولیمس کو بھی ٹورنمنٹ میں برقرار رہنے کیلئے سخت جدوجہد کرنی پڑی۔ تاہم وہ کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ دفاعی چمپیئن واورنکا نے 3 گھنٹے طویل مقابلہ میں سخت جدوجہد کے بعد اطالوی ٹینس اسٹار گارشیالوپیز کو 7-6(7-2)، 6-4 ، 4-6 ، 7-6(10-8) سے شکست دی۔ گارشیا جنہوں نے گذشتہ برس فرنچ اوپن کے پہلے راونڈ میں واورنکا کو شکست دی تھی، تاہم دفاعی چمپیئن نے ایک سخت مقابلہ کے بعد کامیابی حاصل کی۔ کوارٹر فائنل میں واورنکا کا مقابلہ جاپانی ٹینس اسٹار کائی نشیکوری سے ہوگا۔ خاتون زمرہ کے مقابلہ میں وکٹوریہ ایزرنکا کو چوتھے راونڈ کے مقابلہ میں شکست برداشت کرنی پڑی ہے۔ خاتون زمرہ میں دو مرتبہ کی دفاعی چمپیئن وکٹوریہ ایزرنکا کو ڈومینیکا سبولکوا کے خلاف 3 سیٹوں پر مشتمل مقابلہ میں 6-2 ، 3-6، 6-3سے شکست برداشت کرنی پڑی۔ علاوہ ازیں سرینا ولیمس کو بھی عالمی درجہ بندی میں 24 ویں مقام پر فائز اسپینی کھلاڑی جاربین مگروزا کو شکست دینے کیلئے 2-6 ، 6-3 ، 6-2 کا مقابلہ کھیلنا پڑا۔ جدوجہد کے بعد حاصل ہونے والی کامیابی پر اظہارخیال کرتے ہوئے سرینا نے کہا کہ وہ مقابلہ کا بہتر آغاز نہیں کرپائی لیکن کوارٹر فائنل میں رسائی پر وہ مطمئن ہے۔ سرینا ولیمس کو عالمی درجہ بندی میں اپنا پہلا مقام برقرار رکھنے کیلئے ٹورنمنٹ کا خطابی مقابلہ بھی جیتنا ضروری ہے کیونکہ دوسرے مقام پر فائز شاراپوا ان سے پہلا مقام اس صورت میں باآسانی چھین سکتی ہیں جب سرینا کو ٹورنمنٹ کے درمیان میں ہی شکست ہوتی ہے۔