سرینا اور لی کے اخراج کے بعد شاراپوا خطاب کیلئے پسندیدہ

لندن۔ 30؍جون (سیاست ڈاٹ کام)۔ عالمی نمبر ایک اور پانچ مرتبہ کی چمپئن امریکی کھلاڑی سرینا ولیمس اور عالمی نمبر دو چینی کھلاڑی لی نا کی شکست کے بعد روس کی ماریہ شاراپوا کریر کا چھٹا گرانڈ سلام ومبلڈن کی شکل میں یقینی دکھائی دے رہا ہے۔ شاراپوا نے دس برس قبل 2004ء میں کریر کا پہلا گرانڈ سلام خطاب یہیں جیتا تھا۔ وہ اُس وقت 17 سالہ غیر معروف کھلاڑی تھیں، لیکن اب شاراپوا دنیا کی مقبول ترین شخصیتوں میں شامل ہیں۔ وہ اب تک پانچ گرانڈ سلام جیت چکی ہیں۔ شاراپوا کو سب سے زیادہ مشکلات سرینا ولیمس کو شکست دینے میں ہی رہے ہیں۔ وہ امریکی کھلاڑی کے خلاف 18 مقابلوں میں 16 مرتبہ شکست کھاچکی ہیں، لیکن امریکی کھلاڑی کے ومبلڈن سے شکست کے بعد خارج ہونے کی وجہ سے مبصرین انہیں چمپئن کے روپ میں دیکھ رہے ہیں۔ ماریا نے چوتھے راؤنڈ تک پہنچنے میں صرف سات گیمس ہارے ہیں۔ ان کی موجودہ فارم دیکھتے ہوئے کہا جاسکتا ہے کہ خطاب کے حصول میں انھیں زیادہ مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ خود 27 سالہ اسٹار کا کہنا ہے کہ میں اپنی کارکردگی سے خوش ہوں، لیکن کل کیا ہوگا کچھ نہیں کہا جاسکتا، ہر میچ مختلف چیالنجس لے کر آتا ہے۔ مبصرین ان کا متوقع کوارٹر فائنل مقابلہ کینیڈا کی ابھرتی ہوئی اور جارحانہ انداز سے کھیلنے والے یوجینی بوشارڈ سے دیکھ رہے ہیں۔ بوشارڈ نے آسٹریلین اوپن اور فرنچ اوپن کے سیمی فائنلس تک رسائی حاصل کی تھی لیکن اس مرحلے سے آگے نہیں بڑھ سکی تھیں۔ ان کے علاوہ رومانیہ کی تھرڈ سیڈ سیمونا ہلیپ اور پولینڈ کی چوتھی سیڈ اگنسکا راڈونسکا بھی ان کیلئے خطرہ ثابت ہوسکتی ہیں۔ ومبلڈن میں شراپووا کی راہ کی سب سے بڑی رکاوٹ سرینا ولیمس کو تیسرے راؤنڈ میں فرانسیسی کھلاڑی ایلیز کارنیٹ کے خلاف شکست ہوئی۔ عالمی درجہ بندی میں 24 ویں نمبر کی ایلیز نے مقابلہ 6-1، 3-6، 4-6 سے اپنے نام کیا۔ ومبلڈن میں سیرینا اپنے پندرہ ٹورنمنٹس میں یہ تیسری مرتبہ ہے کہ ان کو جلد ہی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہو۔ رواں سال وہ کسی بھی گرانڈ سلام میں چوتھے راؤنڈ سے آگے نہیں بڑھ پائی ہیں۔ دوسری جانب 24 سالہ ایلیز نے گرانڈ سلام میں اس سے قبل عالمی درجہ بندی کے پہلے 20 کھلاڑیوں میں سے کسی کو شکست نہیں دی ہے۔