سرینا اور شارا پوا کی عدم موجودگی میں ومبلڈن دلچسپی میں کمی

جیلینا اوسٹاپینکو اور انجیلک کربر کو اہم مواقع ، کم مقبول اسٹارس کی زیادہ چمک دمک

لندن ۔ /2 جون (سیاست ڈاٹ کام) سرینا ولیمس اپنے پہلے بچہ کی پیدائش کی تیاری میں ہیں تو ماریہ شارا پوا اپنی ران پر زخم کے سبب کھیل سے دور ہیں چنانچہ رواں سال کا ومبلڈن چمپئین شپ مقابلہ روایت دلچسپی سے جاری رہے گا اوراس میں کسی غیرمصروف کھلاڑی کے چمپئین کی حیثیت سے ابھرنے کے قوی امکانات ہیں ۔ سرینا ولیمس 2015 ء اور 2016 ء میں ومبلڈن چمپئین بنی تھیں ۔ اس مرتبہ وہ ستمبر میں ماں بننے کی منتظر ہیں اور رواں سال کے ومبلڈن مقابلے میں حصہ نہیں لے رہی ہیں ۔ کھیل سے ان کی دوری نے سرکردہ اور بااثر کھلاڑی کا ایک خلاء پیدا کردیا اور توقع کی جارہی تھی کہ شارا پوا اس خلاء کو پر کریں گی جو ڈوپنگ کے سبب معطلی کے بعد کھیل میں دوبارہ واپس آئی تھیں لیکن بدقسمتی سے وہ بمشکل تین ٹورنمنٹس کھیلنے کے بعد رولر میں کھیل کے دوران زخمی ہوگئی تھیں جس کے نتیجہ میں انہیں پھر ایک مرتبہ کھیل سے باہر ہونا پڑا ہے ۔ چنانچہ شارا پوا جو پانچ مرتبہ ومبلڈن چمپئین رہ چکی ہیں اس مرتبہ کورٹ میں نظر نہیں آئیں گی ۔ 23 گرینڈ سلام خطاب جیتنے والی عظیم امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمس کے غیاب اور شارا پوا کی عدم شرکت نے اس مقابلے کو غیر دلچسپ بنادیا ہے ۔ لیکن اس کا مثبت پہلو یہ سمجھا جارہا ہے کہ لیٹویا کی جیلینا اوسٹاپنکو کو موقع مل سکتا ہے جو پہلے میں غیر متوقع طور پر فرنچ اوپن جیت چکی ہیں ۔ عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی انجیلک کربر نے کہا ہے کہ ’’سرینا اگر یہاں نہیں ہوں گی تو بلاشبہ یہ مختلف کھیل ہوگا ۔ جہاں بالخصوص آئندہ دو ہفتوں میں کچھ بھی ممکن ہوسکتا ہے ‘‘ ۔ کربر نے مزید کہا کہ ’’یہاں اور بھی کئی بہتر کھلاڑی ہیں جو بڑے ٹورنمنٹس جیت سکتے ہیں ‘‘ ۔ 20 سالہ جیلینا اوسٹاپنکو نے حال ہی میں رونالڈ گاروس فائینل میں سیمونا ہیلپ کو صفر کے مقابلے 3 سے شکست دے کر عالمی سطح پر 47 ویں مقام سے اچانک اونچی چھلانگ لگاتی ہوئی 13 ویں مقام پر پہونچ چکی ہیں ۔ اب انہیں ایک حیرت انگیز جیت کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا ثبوت دینے کا موقع ہے ۔