سریش ریڈی آرمور عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام: جیون ریڈی

آرمور /22 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آرمور آر اینڈ بی گیسٹ ہاؤس میں رکن اسمبلی آرمور جیون ریڈی نے سابق اسپیکر اسمبلی سریش ریڈی پر تنقید کی۔ انھوں نے اپنے حامیوں کے ہمراہ آر اینڈ بی گیسٹ ہاؤس میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابق اسپیکر اسمبلی سریش ریڈی نے اپنے دور اقتدار میں کوئی ترقیاتی کام انجام نہیں دیا۔ تقریباً 30 برس تک وہ آرمور میں راج کرتے رہے، لیکن انھیں کسانوں اور عوام کے مسائل یاد نہیں رہے اور اب ٹی آر ایس حکومت کے ترقیاتی کاموں کو دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر غلط بیانات دے رہے ہیں اور ہمارے ترقیاتی کاموں کو اپنا بتا رہے ہیں، جو سراسر غلط ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے رکن اسمبلی کی حیثیت سے حلف لینے کے چند دن بعد ہی آرمور کے عوام کو فلٹر پانی پوچم پاڈ (سری رام ساگر پراجکٹ) سے حاصل کرنے کے لئے 114 کروڑ روپئے منظور کروائے اور اس کا سنگ بنیاد آرمور میں وزیر اعلی کے سی آر کے ہاتھوں رکھوایا۔ انھوں نے کہا کہ آرمور کے عوام برسوں سے ان چیزوں کا مطالبہ کر رہے تھے، لیکن بڑے عہدوں پر فائز کانگریس اور تلگودیشم کے قائدین سریش ریڈی اور سابق رکن اسمبلی انا پورنما نہیں کرواسکے، لیکن ہم نے آرمور کے لئے عوام کی خواہش کے مطابق 100 بستروں کا ہاسپٹل منظور کروایا، جس کے لئے 26 کروڑ روپئے منظور ہوچکے ہیں۔ علاوہ ازیں پنچگوڑا سے نندی پیٹ بریج کے لئے سو کروڑ روپئے منظور کروائے گئے۔ انھوں نے کہا کہ سابق اسپیکر کے دور لال جوار کسانوں نے اپنے بقایہ جات حکومت سے طلب کرتے ہوئے جب احتجاج کیا تو ان پر گولیاں اور لاٹھیاں برسائی گئیں، لیکن ان بقایہ جات کو ہم نے کسانوں کو ادا کردیا۔