ممبئی 19 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) باکسر سریتا دیوی جن پر فی الحال پابندی عائد ہے، ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق ماسٹر بلاسٹر سچن تنڈولکر کی حمایت حاصل ہوئی ہے جنھوں نے وزیر اسپورٹس کو مکتوب تحریر کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ باکسر کی حمایت کرے تاکہ اِن کا کرئیر متاثر نہ ہو۔ سچن تنڈولکر نے وزیر اسپورٹس سربانندن سنوول کو مورخہ 15 نومبر مکتوب میں لکھا ہے کہ میں حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ سریتا دیوی کے معاملہ میں حمایت کرے تاکہ باکسر کا کرئیر متاثر نہ ہو۔ واضح رہے ایشین گیمز جوکہ جنوبی کوریا میں منعقد ہوئے تھے اِن میں سریتا دیوی نے 60 کیلو گرام زمرہ میں مقابلہ کیا تھا جہاں اِنھیں سیمی فائنل میں شکست برداشت کرنی پڑی تھی جس پر احتجاج کرتے ہوئے سریتا دیوی نے برانز میڈل قبول نہیں کیا تھا۔ متنازعہ فیصلے کو قبول نہ کرتے ہوئے احتجاجاً اُنھوں نے اپنا میڈل حریف کھلاڑی پارک جی نا کو دے دیا تھا۔ سچن تنڈولکر نے کہاکہ وہ بحیثیت کھلاڑی سریتا دیوی کی تکلیف کو سمجھ سکتے ہیں اور مطالبہ کیا ہے کہ منی پور سے تعلق رکھنے والی باکسر جنھوں نے باضابطہ طور پر تحریری معافی نامہ داخل کیا ہے لہذا اِنھیں اعلیٰ سطح کے مقابلوں میں شرکت کی اجازت دی جانی چاہئے۔ تنڈولکرکے بموجب جیسا کہ سبھی جانتے ہیں کہ کے سریتا نے اپنے برتاؤ پر معافی مانگی ہے اور ہم اِن کے ہم وطن ہونے کے ناطے ہر وہ ممکن کوشش کو یقینی بنائے جس کے ذریعہ باکسر کا کرئیر متاثر نہ ہو۔