سرکاری ہاسپٹل گدوال میں ناقص انتظامات پر کلکٹر کی برہمی

گدوال۔/23 جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جوگولامبا گدوال ضلع کلکٹر مسٹر شیشانکا نے آج ڈسٹرکٹ ہاسپٹل گدوال کا اچانک معائنہ کیا اور تنقیح کے دوران ناقص انتظامات پر ہاسپٹل کے اسٹاف پر برہمی کا اظہار کیا۔ ضلع کلکٹر نے ہاسپٹل کی صحیح صفائی نہ ہونے پر ہاسپٹل کے عملہ پر سخت نوٹ لینے کا انتباہ دیا کیونکہ ہاسپٹل میں روزانہ صفائی ہونی چاہیئے۔ ہاسپٹل کے مختلف وارڈس کی تنقیح کے دوران بائیو میٹرک اسٹیج کے کوڑا کرکٹ کو آگ لگانے پر بھی برہمی کا اظہار کیا۔ امیر پاشاہ نامی شخص کو قریب بلاکر کہا کہ ہاسپٹل میں یہ دھواں کیا ہے، اس ہاسپٹل کا عملہ خود دھوئیں کے کاموں میں مصروف ہے تو مریضوں کی بیماریوں میں مزید اضافہ ہوگا اور ہاسپٹل کے دیگر معلومات اور تفصیلات حاصل کئے۔ اس موقع پر ضلع ہیلت ڈپارٹمنٹ آفیسر مسٹر راجندر، سپرنٹنڈنٹ وجئے کمار کے علاوہ دیگر متعلقہ عہدیدار موجود تھے۔

موضع نرمٹہ میں ایک ووٹ سے
عبدالعزیز سرپنچ منتخب
حسن آباد۔/23 جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ننگنور منڈل کے موضع نرمٹہ میں دوسرے مرحلہ کے دوران کل ہوئے گرام پنچایت انتخابات کے دوران ٹی آر ایس کے تائیدی امیدوار محمد عبدالعزیز محض ایک ووٹ کے فرق سے کامیاب قرار دیئے گئے۔ یہاں 1570 جملہ ووٹرس کے منجملہ 1331 ووٹ مقامی سرپنچ کے لئے ڈالے گئے جس میں نو منتخب سرپنچ محمد عبدالعزیز کو 517، شنگرم بابو کو 516 اور اشوک کو 298 ووٹ حاصل ہوئے۔ 5 دفعہ رائے شماری کی گئی جس کے باوجود محمد عبدالعزیز کو ایک ووٹ زائد ملنے پر منتخب قرار دیا گیا۔ حسن آباد منڈل کے موضع لاملہ پلی میں ٹی آر ایس امیدوار جی مدھوکر ریڈی کو متفقہ طور پر سرپنچ و دیگر 18 وارڈ ممبروں کو بلامقابلہ منتخب کرلیا گیا۔ بلو نائیک تانڈہ میں جس کو پہلی مرتبہ گرام پنچایت کا موقف دیا گیا تھا۔ اسلاوت رجیتا نامی ٹی آر ایس کے رکن کو سرپنچ ، دوسرے 5 افراد کو وارڈ ممبروں کے طور پر بلا مقابلہ چن لیا گیا۔