سرکاری ہاسپٹل نارائن پیٹ کو ترقی دینے کا مطالبہ

نارائن پیٹ ۔ 29 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : نارائن پیٹ کے گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل کو ضلع سطح کا ہاسپٹل کا درجہ دیتے ہوئے ترقی دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے سی پی آئی ایم ایل کی جانب سے ایک ریالی نکالی گئی اور بعد ازاں ایک تحریری یادداشت سب کلکٹر کے حوالے کی گئی ۔ بی رامو سی پی آئی ایم ایل ( نیو ڈیموکرسی ) قائد نے کہا کہ وزیر صحت نے نارائن پیٹ کو ضلع بنانے کی تحریک کے موقع پر عوام سے وعدہ کیا تھا کہ وہ ایریا ہاسپٹل نارائن پیٹ کو ضلع سطح کا ہاسپٹل بنائیں گے ۔ مگر اس جانب پیش رفت نہیں ہوئی ہے ۔ ایریا ہاسپٹل بن کر 15 سال ہوتے ہیں جس کے تحت 90 فیصد بیماریوں کا علاج کی سہولت حاصل ہونی چاہئے مگر 10 فیصد بیماریوں کا علاج بھی مشکل سے ہورہا ہے ۔ امراض قلب ، پھیپھڑے ، گردے اور ہاضمہ کے امراض کا علاج کے لیے معالج موجود نہیں ہیں ۔ 60 فیصد ڈاکٹروں کی جائیدادیں مخلوعہ ہیں ۔ غریب افراد کو 24 گھنٹے علاج کی سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔ اس تحریری یادداشت میں کہا گیا کہ دامرگدہ پھول مامڑی ، دھنومڑی ، اوٹکور کے ابتدائی مراکز صحت میں ڈاکٹروں کی بھرتی ، اے این ایم کی بھرتی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا گیا ۔ اس ریالی اور دھرنا میں کثیر تعداد میں کارکنوں نے شرکت کی ۔۔