سرکاری ملازمین پر جھوٹے الزامات افسوسناک

سازش کے خلاف جدوجہد کا عزم ، رویندر ریڈی ٹی این جی اوز سنٹرل کمیٹی کا خطاب
حیدرآباد۔7جون(سیاست نیوز) تلنگانہ نان گزیٹیڈ آفیسرس اسوسیشن سنٹر کمیٹی عاملہ کے اجلاس میں صدر اسوسیشن رویندر ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ تحریک میںسرگرم رول ادا کرنے والے سرکاری ملازمین کو جھوٹے واقعات میں ملوث کرنے کی سازش قابل افسوس ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ٹی این جی اوز اس قسم کی کسی بھی سازش کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دے گی ۔ مسٹر رویندر ریڈی نے مزیدکہاکہ جو لوگ نہایت سنجیدگی اور ایمانداری کے ساتھ اپنے خدمات انجام دینے کے ساتھ ساتھ سرکاری ملازمین کی فلاح وبہبود کے لئے کام کررہے ہیں انہیں محکمہ انسداد رشوت ستانی کے دھاوئوں کے ذریعہ پریشان نہیں کیاجاسکتا۔ ٹی این جی اوز سنٹر ل کمیٹی ایسے تمام سرکاری ملازمین کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑی ہے جس کو ہراساں کرنے کے لئے سازشی ذہن کے لوگ سرکاری محکموں کا سہارا لے رہے ہیں۔ انہوں نے میاں پور لینڈ اسکام میںٹی این جی اوز گریٹر حیدرآباد صدر کے گھر پر اے سی بی کے دھائوں کی مذمت کی اور کہاکہ ٹی این جی اوز کو اس بات کا اچھی طرح علم ہے کہ مذکورہ دھائوں کے پس پرد ہ سازش میںکون ملوث ہے اور وقت آنے پر ہم ان ناموں کا بھی انکشاف کریں گے ۔ رویند رریڈی نے کہاکہ ٹی این جی اوز سنٹرل کمیٹی کے ساتھ تمام اضلاع کے ٹی این جی اوز صدور اور سکریٹریز ایس ایم حسینی مجیب کے ساتھ ہیں۔ اعزازی صدر ٹی این جی اوز سنٹرل کمیٹی دیوی پرساد نے خطاب کرتے ہوئے ٹی این جی اوز گریٹر حیدرآباد ایس ایم حسینی مجیب کے ساتھ ہوئی زیادتی کو قابلِ مذمت قراردیا۔ دیوی پرساد نے کہاکہ ٹی این جی اوز گریٹر حیدرآباد صدر کے گھر پر اے سی بی کے دھاوے کے متعلق ٹی این جی اوز سنٹر ل کمیٹی کا ایک وفد بہت جلد چیف سکریٹری سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں ایک یادواشت پیش کریگا۔ دیوی پرساد نے کہاکہ اس کے علاوہ ہم چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو سے بھی اس ضمن میںنمائندگی کریں گے ۔ چیرمن تلنگانہ قانون ساز کونسل سوامی گوڑ نے اجلاس میںمہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔