سرکاری ملازمتوں کا جھانسہ ، 4 رکنی ٹولی گرفتار

فی ملازمت 16 لاکھ کی وصولی ، ایل بی نگر کی اسپیشل ٹیم کی کارروائی
حیدرآباد /28 اگست ( سیاست نیوز ) سرکاری ملازمتوں کا جھانسہ دیکر بے روزگار نوجوانوں کو دھوکہ دینے والی ایک ٹولی کو پولیس نے بے نقاب کرلیا اور 4 افراد بشمول ایک خاتون کو گرفتار کرلیا جو مرکزی اور ریاستی حکومت کے مختلف محکموں میں سرکاری ملازمت کا بے روزگاروں کو جھانسہ دے رہے تھے ۔ فی ملازمت 16 لاکھ اور 5 لاکھ روپئے بطور اڈوانس یہ ٹولی حاصل کرتی تھی ۔ فرضی ای میل روانہ کرتے ہوئے بے روزگار افراد کو راغب کیا جاتا تھا اور جب بطور اڈوانس رقم حاصل ہوجاتی تو امیدواروں کو فرضی کال لیٹرز اور میل روانہ کرتے ہوئے انہیں دھوکہ دہی کا شکار بنایا جاتا تھا اور اس ٹولی نے کئی بے روزگار نوجوانوں کو نقلی اپوائنٹ منٹ لیٹر بھی روانہ کئے تھے ۔ رچہ کنڈہ ایل بی نگر کی اسپیشل آپریشن ٹیم نے ایک اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 34 سالہ سریکانت ساکن ملکاجگیری 50 سالہ سنجے ساکن ملک پیٹ 50 سالہ گوری شنکر ساکن سکندرآباد اور 44 سالہ راما دیوی ساکن چیتنیہ پوری کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس کے مطابق بے روزگار نوجوانوں کو دھوکہ دینے کے بعد یہ لوگ نئے افراد کو دھوکہ دینے کی کوشش میں تھے ۔