نارائن پیٹ میں ریاستی سکریٹری سوٹا رؤف حسام الدین کی پریس کانفرنس
نارائن پیٹ /31 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ ڈیویژن کے سرکاری اردو اسکولوں میں میٹرک کے بہترین نتائج اس بات کا ثبوت ہیں کہ سرکاری اردو اسکول کا معیار تعلیم بہترین ہے۔ جناب رؤف حسام الدین ریاستی سکریٹری اسٹیٹ اردو ٹیچرس اسوسی ایشن نے پریس کانفرنس میں ان خیالات کا اظہار کیا۔ انھوں نے بچوں کے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو سرکاری اردو اسکولوں میں شریک کروائیں۔ اردو ہماری مادری زبان ہے، ہماری تہذیب و ثقافت کا حصہ ہے، جو قوم اپنی زبان سے محروم ہو جاتی ہے، گویا وہ قوم گونگی ہو جاتی ہے۔ انھوں نے ٹرینڈ ٹیچرس سے اپیل کی کہ وہ تعلیمی سال کے آغاز پر سرکاری اردو میڈیم مدارس میں بچوں کو شریک کرنے کی مہم میں ریگولر اساتذہ کا تعاون کریں، کیونکہ سرکاری مدارس میں بچوں کی تعداد میں اضافہ ہونے پر ہی اساتذہ کے تقررات عمل میں آتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تربیت یافتہ اساتذہ بھی ریگولر سرکاری اردو میڈیم اساتذہ کے ساتھ مل کر سرکاری اردو میڈیم مدارس میں بچوں کو شریک کروانے کی مہم کا حصہ بنیں، کیونکہ سرکاری مدارس کے بہتر نتائج اور معیار تعلیم کے باوجود وہ خانگی مدارس کی تشہیر کی برابری نہیں کرپا رہے ہیں، جب کہ سرکاری مدارس کی کار کردگی کو عوام تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے بتایا کہ سرکاری مدارس میں صد فیصد تربیت یافتہ اور اعلی تعلیم یافتہ اساتذہ ہوتے ہیں۔ علاوہ ازیں کشادہ اور وسیع سرکاری اسکولس کی عمارتیں بنیادی سہولتوں سے مزین ہیں اور بچوں کو مفت نصابی کتب، دوپہر کا کھانا، یونیفارم اور اسکالر شپ دیا جاتا ہے۔ انھوں نے بچوں کے روشن مستقبل کے لئے بچوں کو سرکاری اردو مدارس میں شریک کروانے کی اپیل کی۔