سرکاری محکموں میں ملازمت کا جھانسہ ، بین ریاستی دھوکہ بازوں کی ٹولیاں گرفتار

فرضی تقرر نامے جاری کرنے کا شاخسانہ ، کمشنر حیدرآباد سٹی پولیس انجنی کمار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ /2 اگست (سیاست نیوز) سرکاری محکمہ جات میں ملازمت کا جھانسہ دے کر بے روزگار نوجوانوں کو دھوکہ دینے والی بین ریاستی دھوکہ بازوں کی دو ٹولیوں کو کمشنر ٹاسک فورس نے گرفتار کرلیا ۔ گرفتار دھوکہ باز فرضی تقرر نامے جاری کرتے ہوئے نوجوانوں کو دھوکہ دے رہے ہیں ۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر انجنی کمار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سنٹرل زون ٹاسک فورس ٹیم نے بین ریاستی دو دھوکے بازوں کی ٹولی کو بے نقاب کیا ہے جو بے روزگار نوجوانوں کو محکمہ ریلویز میں ٹکٹ کلکٹر ، کمرشیل کلرک ، محکمہ تعلیم میں اٹنڈر ، جونیر اسسٹنٹ اور دیگر سرکاری محکمہ جات میں روزگار فراہم کرنے کے بہانے لاکھوں روپئے ہڑپ لئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اسکول کا سرغنہ بی گنگادھر ہے جس کا تعلق مشرقی گوداوری سے ہے ۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ بین ریاستی دھوکے باز بے روزگار نوجوانوں کو ملازمت فراہم کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے فی امیدوار سے 10 تا 25 لاکھ روپئے حاصل کرتے ہوئے انہیں فرضی ایس ایم ایس اور ای میل کیا کرتے تھے تاکہ ان کا اعتماد حاصل کیا جاسکے ۔ کچھ دنوں بعد گنگادھر فرضی تقرر نامے اور شناختی کارڈ نوجوانوں کے حوالے کیا کرتا تھا ۔ اس ٹولی کا ایک اور اہم رکن پی دتادری نے اپنے سب بروکرس ، ایم شیوا ریڈی ، کے راجیش ، اے سوامی ، ایم کرانتی کمار ، وائی ویریشم اور ایم سریکانت کی مدد سے بے روزگار نوجوانوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان سے رقومات حاصل کرتے ہوئے انہیں دھوکہ دے رہے تھے ۔ گرفتار ٹولی نوجوانوں کے تعلیمی سرٹیفکیٹس حاصل کرتے ہوئے ان تفصیلات کی بنیاد پر فرضی تقرر نامے اور سرکاری محکمہ جات کے شناختی کارڈس تیار کرتے ہوئے نوجوانوں کے حوالے کیا کرتے تھے ۔ دھوکے باز ٹولی کا رکن ایم شیوا ریڈی نے ریلوے ریکروٹمنٹ سیل کے نام سے ایک فرضی ویب سائیٹ قائم کیا اور پدما ریڈی نامی خاتون کی مدد سے نوجوانوں کو راغب کرنے لگا ۔ کمشنر پولیس انجنی کمار نے کہا کہ مذکورہ دھوکے بازوں کے خلاف ایس آر نگر مارکٹ ، چلکل گوڑہ ، پنجہ گٹہ ، سیف آباد ، گوپال پورم اور سائبر آباد کے علاقے گچی باؤلی اور وشاکھاپٹنم آندھراپردیش میں 10 سے زائد دھوکے دہی کے مقدمات درج ہے ۔ گرفتار 8 رکنی دھوکے بازوں کی ٹولی کو سیف آباد پولیس کے حوالے کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے دھوکے بازوں کے قبضے سے 24 لاکھ نقد رقم اور مختلف محکمہ جات کے سینکڑوں تقرر نامے برآمد کرلئے ۔