سرکاری عہدیداروں کا رویہ متعصبانہ

بودھن 2 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مسلم کثیر آبادی والے شہر بودھن میں اردو داں طبقہ حکومت کی سرکاری اسکیمات سے ناواقف ہے۔ اردو اخبارات کے صحافیوں کو بودھن میں سرکاری و فلاحی اسکیمات کے آغاز کے تعلق سے صحافتی اعلامیہ کی عدم اجرائی کے سبب اردو صحافیوں کو تلگو روزناموں کا سہارا لینا پڑرہا ہے۔ گزشتہ روز آر ڈی او آفس بودھن میں ریونیو ڈیویژنل افسر مسٹر شیام پرساد لعل نے تلگو روزناموں کے صحافیوں کو طلب کرتے ہوئے حکومت کی ڈبل بیڈ روم اسکیم کے تعلق سے واقف کرواتے ہوئے اہل استفادہ کنندگان سے درخواستیں داخل کرنے کی اطلاع دی۔ اس اہم خبر سے بودھن کے اُردو اخبارات کے قارئین لاعلم ہیں۔ بودھن کے سرکاری دفاتر کے عہدیداروں کا اردو قارئین کے ساتھ سوتیلے سلوک پر تلنگانہ اردو جرنلسٹ فورم بودھن کے صحافیوں نے ایک ہنگامی اجلاس طلب کرتے ہوئے محکمہ مال اور مجلس بلدیہ کی طرف سے اردو اخبارات کو صحافتی بیانات و اشتہارات جاری نہ کئے جانے پر تاسف کیا گیا اور بودھن کے سرکاری عہدیداروں سے متعصبانہ رویہ کے تعلق سے معزز رکن اسمبلی بودھن جناب محمد شکیل عامر کو واقف کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔