سرکاری شعبوں میں کمیٹیوں کی جلد تشکیل کا مطالبہ

محبوب نگر ۔ 23 ۔ ستمبر : ( فیاکس ) : جناب حلیم بابر صدر بزم کہکشاں نے اپنے پیام میں حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مسلمانوں سے وابستہ اہم شعبوں جیسے اوقاف ، اردو اکیڈیمی و حج کمیٹی کی تشکیل میں جلد از جلد اقدامات کرے تاکہ مسائل کی یکسوئی کے لیے موثر نمائندگی کی جاسکے ۔ حکومت تلنگانہ کا قیام عمل میں آکر زائد از تین ماہ کا عرصہ ہوچکا ہے مگر ہنوز اب تک ان شعبوں میں کمیٹی کے قیام میں تاخیر کی جارہی ہے جو ناقابل برداشت ہے ۔ ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ چیف منسٹر تلنگانہ کو مسلمانوں کے تمام مسائل حل کرنے میں کافی دلچسپی ہے ۔ جس کا اظہار وہ اعلانات کے ذریعہ کررہے ہیں ۔ اور عوام پر امید ہیں کہ وہ اپنے اعلانات کو عملی جامہ پہناکر مسلمانوں کے ساتھ ہمدردی و انصاف کا ثبوت دیں گے ۔۔