سرکاری دواخانہ کریم نگر کی تعمیری ترقی کیلئے منصوبہ عمل

کریم نگر۔/21جون، (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کریم نگر ضلع مستقر سرکاری دواخانہ کو ترقی دی جاکر اسے ایک ہزار بستروں کی گنجائش کا دواخانہ بنادیا جائے گا۔ ریاستی وزیر صحت و طبابت کے لکشما ریڈی نے اس بات کا تیقن دیا۔ انہوں نے سرکاری دواخانہ کی تنقیح کی اور دواخانہ کی ایمبولنس کا افتتاح کیا۔ ایمرجنسی وارڈس کا بھی انہوں نے معائنہ کیا اور فراہم کی جارہی طبی خدمات و سہولتوں کے تعلق سے ڈی سی ایچ ایس ڈاکٹر بوجا سے دریافت کرتے ہوئے واقفیت حاصل کی۔ دواخانہ کی عصری ترقی کیلئے فی الحال دو کروڑ روپئے کا منصوبہ عمل بھیجا گیا ہے اور اس کی منظوری دلوانے کیلئے ڈاکٹر پوجا نے خواہش کی۔جس پر وزیر موصوف نے تیقن دیا۔ بعد ازاں انہوں نے سی ٹی اسکان، چائیلڈ ریہبلیشن سنٹر کی تنقیح کی یہاں برسر خدمت ملازمین نے شکایت کی کہ انہیں باقاعدگی کے ساتھ تنخواہیں نہیں مل رہی ہیں جس پر انہوں نے ڈی ایچ اینڈ ایچ او ڈاکٹر علیم کو طلب کیا اور ہدایت دی کہ ہرماہ اندرون 5تاریخ تنخواہوں کی ادائیگی کی کوشش کریں۔ بعد ازاں انہوں نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست بھر میں دواخانوں میں مختلف مسائل ہیں ان سبھی کی یکسوئی کی کوشش کرتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر صحت مند تلنگانہ کی تشکیل کیلئے بذات خود جائزہ لے رہے ہیں اور غریب عوام کو بہتر علاج کی فراہمی کیلئے اقدامات روبہ عمل لائے جارہے ہیں اور اس پر موثر عمل آوری کیلئے دواخانہ کے لئے درکار سہولتیں اور فنڈز مہیا کئے جارہے ہیں۔ بڑے دواخانوں میں ایمرجنسی طبی خدمات کے لئے سخت حفاظتی رومس ، انٹینسیو کیر ( آئی سی یو ) قائم کرتے ہوئے سوپر اسپیشالیٹی خدمات فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ وزیر موصوف نے ریاست کے سبھی دواخانوں میں سدھار اور ترقی کی منصوبہ بندی کی جاری ہے اور عنقریب عمل آوری کرنے کا تیقن دیا۔ کریم نگر میں عنقریب میڈیکل کالج کا قیام ضرور عمل میں لایا جائے گا۔ وزیر صحت کے ہمراہ ضلع پریشد چیرمین دواخانہ ترقیاتی کمیٹی صدر تلا اوما ،سید سردار، رویندر سنگھ ، ڈاکٹر لکشمن شاریا اور دیگر قائدین ٹی آر ایس وائی سنیل راؤ، چلا ہری شنکر، ہری پرساد وغیرہ موجود تھے۔