سرکاری دواخانوں کی خستہ حالی سے عوام پریشان : کانگریس ترجمان

کریم نگر۔/31 اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع ماتا ششو آروگیہ کیندرم میں بدعنوانی کا راج چل رہا ہے ، عہدیدار توجہ نہیں دے رہے ہیں۔ ٹی پی سی سی ترجمان گوگیلا جے سری نے الزام لگایا۔ انہوں نے ماتا ششو آروگیہ کیندرم کا اچانک معائنہ کیا اور اس موقع پر اس دواخانہ میں وارڈوں میں مریضوں سے ملاقات کی۔ ایس ایس سی یو سنٹر کی تنقیح کی۔ بعد ازاں انہوں نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں صحیح طریقہ سے دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے اکثر خواتین خانگی دواخانوں کا رُخ کرکے ہزاروں روپیہ خرچ کررہے ہیں ۔ غریب اور متوسط طبقات کیلئے یہ پریشان کن مسئلہ بن گیا ہے۔الزام لگایا کہ یہاں آنے والوں سے روپے لئے جارہے ہیں۔ عہدیداروں کے علم میں لائے جانے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔ ایک ہی بیڈ پر تین تین بچوں کو رکھا جارہا ہے ۔اس موقع پر سابق کارپوریٹر بھومیا ، روی کمار، لکشمی پونم و دیگر شریک تھے۔