سرپور ٹاون ۔ 21 ۔ اگسٹ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سرپور ٹاون منڈل کے 12 گرام پنچایتوں میں 19 اگسٹ کے روز ریاست تلنگانہ حکومت کی جانب سے کروایا گیا جامع سروے مجموعی طور پر کامیاب رہا ۔ تفصیلات کے بموجب سرپور ٹاون تحصیلدار رمیش بابو کی زیرنگرانی میں منڈل ایجوکیشن آفیسر پربھاکر ، ایم پی ڈی او ایم اے علیم کے علاوہ سپروائیزر اور شمارکنندگان کو عوام کا بھرپور تعاون رہا ۔ سرپور ٹاون منڈل کے علاوہ مستقر میں صبح سے ہی عوام کا سرکاری عہدیداروں کے ساتھ جوش و خروش کے ساتھ تعاون حاصل ہوا ۔ اس موقع پر تحصیلدار رمیش بابو تھوڑی تھوڑی دیر میں حالات اور تمام علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے حالات کا جائزہ حاصل کرتے رہے ۔ 19 اگسٹ کے روز جامع خاندانی سروے کے سلسلہ میں سارے سرپور ٹاون کی سڑکیں سنسان دکھائی دے رہی تھی خاص طور پر پٹرول پمپ ، خانگی ادارے ، سرکاری اسکولوں ، کالجوں ، بینک کو تعطیل رہنے کی وجہ سے تمام سرپور ٹاون کی سڑکیں ویران دکھائی دے رہی تھیں ۔ ایسا محسوس ہورہا تھا کہ سرپور ٹاون میں 144 سکشن رکھا گیا ہے ۔ صبح 7 بجے تا رات 11 بجے تک جامع خاندانی سروے کیا گیا ۔