ناانصافی کے خلاف سیاہ بیچس کے ساتھ اظہار ناراضگی
سرپور ٹاؤن /21 دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سرپور ٹاؤن تحصیل آفس میں ڈیوٹی انجام دینے والے وی آر اوز کی جانب سے 20 دسمبر کو تلنگانہ حکومت کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ تفصیلات کے بموجب تلنگانہ اسسٹنٹ وی آر اوز یونین کے ریاستی رکن شیخ کلیم کی نگرانی میں ریاستی حکومت کے خلاف ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے سیاہ بیچس لگاکر احتجاج کیا گیا۔ اس احتجاجی پروگرام میں ریاستی اسسٹنٹ رکن وی آر او شیخ کلیم اور مقامی وی آر او مہیش کمار، بھوپال پٹنم وی آر او محترمہ گنگا ریڈی، وی آر یو وجے کمار، چندرا مولی، شہدیو کے علاوہ دیگر وی آر اوز بھی موجود تھے۔ اس موقع پر مقامی اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے شیخ کلیم نے کہا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد سرکاری محکموں میں اور محکمہ ریونیو کے عہدہ داروں پر کام کا بوجھ بڑھ گیا ہے، بالخصوص دیہی علاقوں میں ڈیوٹی انجام دینے والے وی آر اوز کو عوامی مسائل کی یکسوئی کے دوران کافی دشواریاں ہو رہی ہیں، اس لئے ریاستی حکومت سے وی آر او یونین کا مطالبہ ہے کہ سرکاری اداروں میں کام کی کمی کرتے ہوئے عہدہ داروں کے ساتھ انصاف کرے۔ انھوں نے کہا کہ محکمہ ریونیو میں ڈیوٹی انجام دینے والوں کے کام میں کمی نہیں کی گئی تو آنے والے دنوں میں زیادہ کاموں کی وجہ سے تلنگانہ کے اضلاع کے سرکاری عہدہ داروں کی صحت اور زندگی متاثر ہو سکتی ہے، جیسا کہ زیادہ کام کی وجہ سے اوٹکور گاؤں میں ساجپا نامی اور مکتھل گاؤں میں بھیمیا نامی سرکاری ملازمین فوت ہو گئے۔ انھوں نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اگر سرکاری ملازمین سے کاموں کا بوجھ کم نہیں کیا گیا تو آنے والے دنوں میں بڑے پیمانے پر دھرنا منظم کیا جائے گا۔