شام میں ٹھنڈی ہوائیں، باہر نکلنا دشوار، ضعیفوں کو مزید مشکلات
سرپور ٹاؤن /24 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سرپور ٹاؤن میں دو دنوں سے سردی کی لہر میں اضافہ ہوا ہے اور کئی دنوں تک موسم برقرار رہنے کی امید کی جا رہی ہے، جب کہ کچھ دنوں پہلے سردی بہت کم ہو گئی تھی اور موسم خوشگوار ہو گیا تھا، لیکن دو دنوں سے دوبارہ سردی نے زور پکڑ لیا، جس کی وجہ سے عوام کافی پریشان ہیں۔دو دنوں سے سردی کی لہر میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے لوگ اپنے مکانات میں رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں، خاص طورپر عمر رسیدہ افراد گرم ملبوسات استعمال کر رہے ہیں، تاکہ سرد ہواؤں سے محفوظ رہ سکیں۔ صبح تقریباً گیارہ بجے تک سردی برقرار رہتی ہے اور شام چار بجے سے ٹھنڈی شروع ہو جاتی ہے۔ شام کے اوقات میں لوگ جلد از جلد اپنے گھروں کو پہنچ جانا پسند کر رہے ہیں اور ایک مقام سے دوسرے مقام کو جانے سے گریز کر رہے ہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر کچھ دنوں تک سردی کی یہ لہر جاری رہی تو ضعیف العمر افراد کا گھروں سے باہر نکلنا مشکل ہو جائے گا۔