کراچی۔5 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سرفراز احمد کو تینوں طرز کی کرکٹ کیلئے کپتان مقرر کرتے ہوئے ٹسٹ ٹیم کی قیادت بھی انہیں سونپ دی ہے۔ چیمپیئنز ٹرافی کی فاتح ٹیم کے اعزاز میں وزیر اعظم ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریار خان نے ٹسٹ ٹیم کے کپتان کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں نے سرفراز کو عہدے کی پیشکش کی جو انہوں نے قبول کر لی۔ورلڈ ٹوئنٹی20کے 2016 کے اختتام پر شاہد آفریدی کی جگہ سرفراز احمد کو قیادت کی سونپی گئی جو انہوں نے احسن طریقے سے انجام دیتے ہوئے خود کو عہدے کا اہل ثابت کیا۔اظہر علی کی بحیثیت کپتان ناقص کارکردگی اور ٹیم کی بدترین ریکارڈ کے بعد سرفراز احمد کو یہ ذمے داری بھی سونپ دی گئی جنہہوں نے ایک مرتبہ پھر اپنا انتخاب درست ثابت کرتے ہوئے پاکستان کو چیمپیئنز ٹرافی میں فتح سے ہمکنار کروایا۔سابق کپتان مصباح الحق اور یونس خان کی ٹسٹ کرکٹ سے کنارہ کشی کے بعد سرفراز احمد کو ہی کپتان بنانے کی قیاس آرائیاں تھیں اور شہریار خان نے تمام تر ابہام کا خاتمہ کرتے ہوئے سرفراز کو ٹسٹ ٹیم کا بھی کپتان بنانے کا اعلان کردیا۔یہ پانچ سال بعد پہلا موقع ہے کہ تینوں طرز کی کرکٹ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت ایک ہی کپتان کرے گا جہاں اس سے قبل یہ اعزاز مصباح الحق کے پاس تھا۔وکٹ کیپر سرفراز اب تک 36 ٹسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے تین سنچریوں اور 13 نصف سنچریوں کی بدولت 40.96 کی اوسط سے 2089 رنز بنا چکے ہیں۔بحیثیت ٹسٹ کپتان سرفراز کی پہلی آزمائش ممکنہ طور پر اکتوبر نومبر میں سری لنکا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ہونے والی تین ٹسٹ میچوں کی سیریز ہو گی