سرسلہ میونسپل ملازم کی غنڈہ گردی

معمولی کاروبار کرنے والا مسلم شخص زخمی ، پولیس سے شکایت
گمبھی راؤ پیٹ ۔ 22 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سرسلہ میونسپل ملازمین کی من مانی فیصلوں اور داداگری، غنڈہ گری جیسے واقعات میں آئے دن اضافہ ہوتے جارہا ہے۔ میونسپل ملازمین کی جانب سے سڑک پر معمولی کاروبار کرتے ہوئے دو وقت کی روٹی کمانے والے غریب تاجروں کو مختلف طریقوں سے نشانہ بنایا جارہا ہے جس کی واضح مثال یہاں کل پیش آئے واقعہ سے لی جاسکتی ہے۔ میونسپل سرسلہ کا ایک ملازم جوکہ طے بازاری کا کام انجام دیتا ہے۔ میونسپل آفس کے قریب بنڈی کے ذریعہ بسکٹ، کھارہ وغیرہ فروخت کرنے والے ایک مسلم ضعیف شخص محمد نعیم سے بنڈی میونسپل آفس کے قریب سے ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے الجھ گیا اور اچانک بحث و تکرار کے بعد نعیم کے سر پر حملہ کردیا جس کی وجہ سے نعیم کے سر سے خون بہنا شروع ہوگیا جسے دیکھ کر میونسپل ملازم فرار ہوگیا۔ اس واقعہ کی ہر گوشہ سے مذمت کی گئی۔ جبکہ مساجد کمیٹی کے صدر محمد عبدالستار نے بھی زخمی شخص نعیم کی عیادت کی اور اس واقعہ کی شدید مذمت کی اور پولیس سے مطالبہ کیا کہ وہ حملہ آور شخص کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں۔ بعدازاں زخمی شخص کی شکایت پر مقامی پولیس اسٹیشن میں حملہ آور شخص کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا جو مفرور ہے۔