کولکتہ۔ 29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام)انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے کروڑہا روپئے پر مبنی سردھا چٹ فنڈ اسکام کیس کے ضمن میں ترنمول کانگریس کے لیڈر سنکودیب پونڈا سے رقمی ہیرپھیر کے سوال پر تقریباً 3 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔ تحقیقاتی ادارہ کے ذرائع نے کہا کہ ’’پونڈا سے سردھا گروپ اور اس کے انتظامیہ سے اپنی وابستہ کے بارے میں پوچھا گیا اور قانون انسداد رقمی ہیرپھیر کی دفعات کے تحت بیان قلمبند کیا گیا۔ ان سے تقریباً 3 گھنٹوں تک پوچھ گچھ جاری رہی۔ قبل ازیں پونڈا 11 بجے دن سالٹ لیک پر واقع ای ڈی آفس پہنچے تھے۔ ذرائع نے کہا کہ پونڈا نے چند مفید معلومات فراہم کی ہیں جو سردھا اور اس کے حلیف اداروں کی سرگرمیوں میں ملوث افراد سے تعلق رکھتے ہیں۔ ای ڈی پہلے ہی ریاستی وزیر شیاما پدا مکرجی اور ارکان پارلیمان حسن عمران اور متھن چکرورتی سے پوچھ گچھ کرچکے ہیں۔