سردار ولبھ بھائی پٹیل کے مجسمہ کا وزیر اعظم نریندر مودی نے افتتاح انجام دیا ۔ 

احمد آباد : وزیر اعظم نریندر مودی نے آج صبح گجرات کے نرمدہ ضلع میں سردار ولبھ بھائی پٹیل کے پیدائش کے موقع پران کے مجسمہ کا افتتاح انجام دیا ۔ 182میٹر لمبا یہ مجسمہ دنیا کے اونچے ترین مجسموں میں شمار کیا جارہا ہے۔ اس مجسمہ کاموزانہ امریکہ میں بیچ سمندر میں موجود لیبر ٹی کے مجسمہ سے کیا جارہا ہے ۔ ا س مجسمہ کے پاس ایک گیلری زون بنایا گیا ہے ۔ جہاں بیک وقت دو سو افراد گیلری کا مشاہدہ کرسکتے ہیں۔

182میٹر لمبے اس مجسمہ کیلئے سترہزار ٹن سمنٹ ، 18500ٹن اسٹیل ، چھ ہزار ٹن اسٹکچرل اسٹیل استعمال کئے ہیں ۔ اس پروجیکٹ پرجملہ 2989 کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں ۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر سردار ولبھ بھائی پٹیل نہ ہوتے تو ہندوستانیوں کو ہیر کے شیر دیکھنے کیلئے ، سومناتھ کی مندر میں ہندوؤں کو پوجا کرنے کیلئے اور حیدرآباد کے چار مینار کو دیکھنے کیلئے ویزا لینا پڑتا تھا ۔وزیر اعظم نریندر مودی نے مزید کہا کہ میں جب گجرات کا وزیر اعلی تھا اس وقت اس اتحادی مجسمہ بنانے کا فیصلہ کیاگیا تھا ۔ اس فیصلہ کی تائید کرتے ہوئے ہندوستان بھر سے لاکھوں کسان اپنے اوزار اور دسرے سازو سامان لے کر اس کیلئے ایک تحریک شروع کئے تھے۔

گجرات کے نائب وزیر اعلی نتن پٹیل نے امید ظاہر کی کہ اس مجسمہ سے ریات میں سیاحت کو فروغ ملے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سارا ملک اس مجسمہ کے افتتاح کا منتظر تھا ۔ اس مجسمہ کی وجہ یہاں سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا جو کہ ہمارے ملک کے لئے بہتر ہے ۔ اس افتتاح کے موقع پر وزیر اعظم کے علاوہ گجرات کے وزیر اعلی وجئے روپانی، مدھیہ پردیش کے گورنر آنندبین پٹیل او ربی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ کے علاوہ دیگر معززین موجود تھے ۔