سردار بدستور کپتان ، ورلڈ لیگ سیمی فائنل کیلئے اسکواڈکا اعلان

نئی دہلی ۔26 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے آج چار اہم کھلاڑیوں بشمول اسٹار ڈراگ فلیکر روپیندر پال سنگھ اور مڈ فیلڈر ایس کے اُتھپا کو اپنے 18 رکنی مینس اسکواڈ برائے ہاکی ورلڈ لیگ (ایچ ڈبلیو ایل ) سیمی فائنل سے ڈراپ کردیا ، جو 20 جون تا 5 جولائی انٹورپ ، بلجیم میں کھیلا جانا ہے ۔ روپیندر اور اُتھپا کے علاوہ اسٹرائیکرس مندیپ سنگھ اور ستبیر سنگھ دیگر دو کھلاڑی ہیں جنھیں اخراج کی راہ لینی پڑی ۔ یہ تمام چار خارج کردہ کھلاڑی گزشتہ ماہ کے اذلان شاہ کپ منعقدہ آئیپو، ملائیشیا میں نظر آئے تھے ، جہاں ہندوستان نے قابل قدر تیسرے مقام کا اختتام کیا ، نیز جاپان کے خلاف چار میچ کی باہمی سیریز بھی کھیلے جو ہندوستان نے 3-0 سے جیتی ۔ ڈیفنڈرس جسجیت سنگھ کولار اور گرمیل سنگھ ، مڈفیلڈر للت اُپادھیائے اور اسٹرائیکر یوراج والمیکی دس قومی ٹورنمنٹ کیلئے معلنہ اسکواڈ میں واپس طلب کئے گئے ہیں۔ جاپان کے خلاف ٹسٹ سیریز میں ہندوستان نے 24 کا تجرباتی اسکواڈ کھلایا تھا جہاں گرمیل ، جسجیت ، للت اور یوراج ایکشن میں دیکھے گئے ۔ اسٹار مڈفیلڈر سردار سنگھ جو اب تک 216 انٹرنیشنل میچس کھیل چکے ہیں ، اُنھیں ٹیم انڈیا کے کپتان کی حیثیت سے برقرار رکھا گیا ہے جبکہ گول کیپر پی آر سری جیش بدستور سردار کے نائب رہیںگے۔ ہرجوت سنگھ اس ٹیم میں دوسرے گول کیپر ہیں جبکہ دفاع کی ذمہ داری بریندر لاکڑا ، من پریت سنگھ ، کوٹھا جیت سنگھ ، وی آر رگھوناتھ ، جسجیت اور گرمیل نبھائیں گے ۔ پانچ کھلاڑیوں کا مڈفیلڈ سردار خود گربخش ، دھرم ویر ، چنگلین سانا اور للت کی رفاقت میں سنبھالیں گے جبکہ فارورڈ لائن ایس وی سنیل ، نکم تھیمیا ، یوراج ، آکاش دیپ سنگھ اور رمن دیپ سنگھ پر مشتمل ہے ۔ دس ٹیم والے ایچ ڈبلیو ایل سیمی فائنل کو پول اے اور پول بی میں تقسیم کیا گیاہے ۔ ہندوستان پول اے میں فرانس ، پولینڈ ، پاکستان اور آسٹریلیا کے ساتھ ہے جبکہ پول بی چین ، آئرلینڈ ، ملائیشیا ، برطانیہ اور بلجیم پر مشتمل ہے ۔