سرخ صندل کا اسمگلر گنگی ریڈی ماریشیس میں گرفتار

حیدرآباد۔23فبروری ( سیاست نیوز)آندھراپردیش کی سی آئی ڈی کو مطلوب بدنام زمانہ سرخ صندل اسمگلر کے گنگی ریڈی کو انٹرپول پولیس نے ماریشیس ایئرپورٹ پر گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے بموجب گذشتہ 9ماہ سے گنگی ریڈی پولیس کو مطلوب تھا اور اُس نے گرفتاری سے بچنے کیلئے مارشیس میںپناہ لی تھی ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ آندھراپردیش سی آئی ڈی نے سرخ صندل کی اسمگلنگ اور کئی وارداتوں میں ملوث ہونے والے گنگی ریڈی کے خلاف ایک ریڈکارنر نوٹس جاری کیا تھا جس کے تحت وہ انٹرپول کو مطلوب تھا ۔ آج وہ مارشیس سے سری لنکا جانے کی کوشش کررہا تھا کہ اسے ماریشیس کے امیگریشن حکام نے حراست میں لے لیا اور انٹرپول کے حوالے کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ سال 2003ء میں علی پیری میں ماؤسٹوں کی جانب سے چندرا بابو نائیڈو پرکئے گئے حملہ میں ملوث خطرناک ماؤسٹوں کو موبائیل فونس سربراہ کرنے کا الزام ہے ۔ اپریل 2014ء میں پولیس نے گنگی ریڈی کو گرفتار کیا تھا اور وہ 16مئی کو ہائیکورٹ سے ضمانت حاصل کرکے بعد جیل سے رہا ہوگیا اور تلگودیشم کے اقتدار پر آنے سے خوفزدہ ہوکر بیرونی ممالک فرار ہوگیا تھا ۔ سی آئی ڈی نے بتایا کہ 18مئی کو اسمگلر نے ہندوستان سے بیرونی ممالک فرار ہوگیا تھا جس کے نتیجہ میں کرنول پولیس نے اس کے خلاف لُک آؤٹ نوٹس جاری کیا تھا اور بعد ازاں ریڈ کارنر نوٹس جاری کی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ آندھراپردیش میں سرخ صندل اسمگلنگ میں ملوث ہونے والے گنگی ریڈی کے خلاف کئی مقدمات درج ہیں اور سی آئی ڈی اسے آندھراپردیش منتقل کرکے پوچھ گچھ کریگی ۔