سرحدی کشیدگی : پاکستانی سفیر کی ایرانی دفتر خارجہ طلبی

تہران ، 20 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ایران کی وزارتِ خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان سرحد پر فائرنگ کے واقعات پر تبادلہ خیال کیلئے پاکستانی سفیر کو طلب کیا ہے۔ ایران کے سرکاری خبر رساں ادارہ ’اِرنا‘ نے ایرانی وزارت خارجہ کے دفتر کے حوالے سے بتایا کہ پاکستان کے سفیر نور محمد جدمانی کو گزشتہ ہفتہ کی شام ’’دونوں ممالک کی درمیانی سرحد پر ہونے والے ان واقعات کی وضاحت کیلئے طلب کیا گیا تھا جن کے نتیجے میں ایران کے کئی سرحدی محافظ ہلاک اور زخمی ہو چکے ہیں‘‘۔ وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ مغربی ایشیا کے امور کے سربراہ رسول اسلامی نے پاکستانی سفیر سے کہا کہ ’’ ہم یہ بات قبول نہیں کر سکتے کہ پاکستان سے دہشت گردوں اور ڈاکوؤں کا ایک گروہ ہمارے علاقے میں گھس آئے اور ہمارے سرحدی محافظوں کو فائرنگ کر کے شہید کر دے‘‘۔ سینئر ایرانی افسر نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا جائے اور تمام ضروری اقدامات کئے جائیں تاکہ مستقبل میں اس قسم کا کوئی واقع نہ ہو۔ انھوںنے مزید کہا، ’’اس قسم کے مسائل سے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کی فضا کو خراب نہیں ہونے دینا چاہئے، اس لئے دونوں ممالک کیلئے ضروری ہے کہ وہ ان مسائل کا کوئی حل نکالیں اور دونوں ممالک کے دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنائیں‘‘۔