سربیا میں نوجوان جوڑوں کو زیادہ بچے پیدا کرنے کی ترغیب

بلغراد ۔ 10 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سربیا میں اس وقت آبادی کا تناسب ہر گزرتے دن کے ساتھ انحطاط پذیر ہے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہیکہ فی خاندان پیدائش کا تناسب صرف 1.5 فیصد ہے لہٰذا حکومت اب نوجوان جوڑوں کو زیادہ سے زیادہ بچے پیدا کرنے کی جانب راغب کررہی ہے جس کیلئے ایسے نعرے تیار کئے جارہے ہیں جو جوڑوں کو اپنی جانب متوجہ کرسکیں جیسے گیوبرتھ، ڈونٹ ڈیلے (جلد سے جلد پیدا کرو ، تاخیر مت کرو)۔ سربیا کی آبادی اس وقت 70 لاکھ سے بھی کم ہے۔ تاہم حکومت کی جانب سے چلائی جارہی مہم کے باوجود نوجوان جوڑوں میں بچے پیدا کرنے کیلئے کوئی خاص دلچسپی نہیں پائی جاتی جبکہ اقوام متحدہ کے ایک سروے کے مطابق سربیا کی آبادی میں 2050ء تک مزید 15 فیصد کمی ہوجائے گی۔ صدر الیگزنڈر ووسک نے اس سلسلہ میں بچے پیدا کرنے کے لئے سب سے اچھے سلوگنس (نعروں) پر انعامات دینے کا سلسلہ بھی شروع کیا ہے جن میں سے انعام پانے والے دو سلوگنس اس طرح ہیں جہاں ایک چھوٹا بچہ اپنی ماں سے کہہ رہا ہے ’’ماں، میں اکیلا رہنا نہیں چاہتا، مجھے اپنا بھائی یا بہن چاہئے‘‘۔ ’’محبت اور بچے یہ دو چیزیں ایسی ہیں جن کی ہمیں سخت ضرورت ہے‘‘۔